سی ڈی اے کا نمایاں شخصیات کی خدمات کےاعتراف کیلئے اہم فیصلہ

اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں کو نمایاں شخصیات سے منسوب کرنے کی سفارش، شاہراہوں کو جمیل الدین عالی، جوش ملیح آبادی اورحفیظ جالندھری کے نام منسوب کیا جائے گا۔ ترجمان سی ڈی اے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 21 جولائی 2019 19:13

سی ڈی اے کا نمایاں شخصیات کی خدمات کےاعتراف کیلئے اہم فیصلہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 جولائی 2019ء) کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) نے نمایاں شخصیات کی خدمات کو اجاگر کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کے تحت اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں کونمایاں شخصیات سے منسوب کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جمیل الدین عالی، جوش ملیح آبادی، حفیظ جالندھری اور دیگر شخصیات کے نام منسوب کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سی ڈی اے نے نمایاں شخصیات کی خدمات کے اعتراف کے لیے اہم فیصلہ کرلیا ہے۔

سی ڈی اے کی اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں کونمایاں شخصیات سے منسوب کرنے کی سفارش کی ہے۔ سی ڈی اے کے مطابق سروس روڈ ساؤتھ ڈی بارہ کو جمیل الدین عالی کے نام سے منسوب کیا جائے۔ سروس روڈ ویسٹ سیکٹر ڈی بارہ کو جوش ملیح آبادی روڈ قراردینے اور سروس روڈ ایسٹ ڈی بارہ کو حفیظ جالندھری کے نام سے منسوب کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے بورڈ نے سفارشات کی منظوری دے دی ہے۔

سفارشات منسٹری آف نیشنل ہسٹری کی بنائی گئی کمیٹی کومنظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔ بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد کی100سے زائد شاہراہوں کو مختلف نامور شخصیات کے نام سے منسوب کیا جاچکا ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر نظر ثانی کے لیے بنائے جانے والے فیڈرل کیپٹل کمیشن کا ایک مشاورتی اجلاس پاک چائنہ سینٹر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میںبتایا گیا کہ اسلام آباد کا گرین کریکٹر کمیشن کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

اس لیے کمیشن نظر ثانی میں گرین کریکٹر کے تحفظ اور شہر کو مزید سر سبز و شاداب بنانے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے موجودہ زوننگ ریگولیشنز کو بھی پورے غور خوض اور مکمل گہرائی سے دیکھا جا رہا ہے تاکہ اس میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹر پلان پر نظر ثانی کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ اس سے مستقبل کی ضروریات بشمول پانی کی ضروریات، سیوریج سسٹم، سینی ٹیشن کی ضروریات اور سب سے زیادہ سیلف جنریشن کو وقت کے تقاضوں کے مطابق بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بڑھتی ہوئی آبادی اور شہر میں وسعت سے اسلام آباد کی حیثیت تبدیل ہوئی ہے جسے موجودہ ماسٹر پلان پورا نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ کمیشن کھلے دل سے ماسٹر پلان پر نظر ثانی کے لیے مفید تجاویز اور مشاورت پر مکمل یقین رکھتا ہے۔ شرکاء نے اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر نظر ثانی کے ضمن میں اپنی طرف سے مختلف آراء اور تجاویز بھی دیں۔