ازبک سفیر فرقات صادقو کی سیالکوٹ کے تاجروں کو ازبکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

پیر 22 جولائی 2019 22:55

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2019ء) ازبکستان کے سفیر فرقات صادقونے سیالکوٹ کے تاجروں کو ازبکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے اور کہا کہ ازبکستان کے ذریعے دیگر وسط ایشیا ئی ریاستوںکی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نی ان خیالات کااظہار سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ازبک سفیر نے پاکستانی کاروباری برادری کو اپنی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستانی تاجروں کو ازبکستان کی تجارتی منڈیوں مکمل رسائی دی جائے گی۔ ہم دونوں ممالک کے درمیان بہترین کاروباری رابطوں کو مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کے لئے مخلص کوششیں جاری رکھنی چاہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے باہمی تجارتی وفود کے تبادلے کی تجویز پر اتفاق کیا اور سیالکوٹ سمیت پاکستان کی تاجر برادری کو ازبکستان کاروبار کرنے کی دعوت دی اور ازبکستان میں ہونے والی صنعتی نمائشوں اور تجارتی میلوں میں شرکت کی دعوت دی۔

قبل ازیں ازبک سفیر نے سیالکوٹ کے مختلف صنعتی یونٹس کا دورہ کیا اور عالمی معیار کی مصنوعات کی تعریف کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خواجہ مسعود اختر نے کہا پاکستا ن اور ازبکستان باہمی تجارت کے فروغ کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں باہمی تجارت کے فروغ کے بہت زیادہ مواقع موجود ہیں۔ اس موقعہ پر ازبک سفارتخانے کے اعلیٰ حکام ، سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے سینئر وائس پریذیڈنٹ وقاص اکرم اعوان ، سابق صدر چیمبر آف کامرس میاں نعیم جاوید ، زاہد ملک اور تاجروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔