راس الخیمہ : اماراتی شخص کی دونوں بیویاں عدالت پہنچ گئیں

دونوں نے ایک دُوسرے پر نازیباالفاظ استعمال کرنے اور نجی تصاویر لِیک کرنے کے الزامات عائد کیے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 25 جولائی 2019 12:36

راس الخیمہ : اماراتی شخص کی دونوں بیویاں عدالت پہنچ گئیں
راس الخیمہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25جولائی 2019ء) راس الخیمہ میں مقیم ایک شخص اُس وقت پریشانی میں گھر گِیا جب اُس کی دونوں بیویاں ایک دوسرے کے خلاف مقدمہ لے کر عدالت میں پہنچ گئیں۔ دونوں سوتنوں نے ایک دوسرے پر الزام لگایا کہ انہوں نے واٹس ایپ پر گالیوں بھری زبان استعمال کی اور ایک دوسرے کی توہین بھی کی۔ استغاثہ کے مطابق دونوں خواتین کا تعلق ایک عرب مُلک سے ہے۔

دونوں کے درمیان واٹس ایپ پر اُس وقت جھگڑا شروع ہوا جب پہلی بیوی نے دیکھا کہ اُس کا شوہر دُوسری بیوی سے مِلنے جا رہا ہے۔ اسی حسد کی کیفیت میں پہلی بیوی نے اپنے خاوند کے موبائل سے اپنی سوکن کی نازیبا حالت میں اُتاری گئی تصویریں اپنے موبائل میں کاپی کر لی اور بعد میں سوتن کوواٹس ایپ پر پیغام بھیج کر اُسے بُرا بھلا بھی کہا۔

(جاری ہے)

پہلی بیوی نے مبینہ طور پر اپنی سوتن کو واٹس ایپ پیغام پر اُس کی چُرائی گئی تصویریں بھی بھیج کر دھمکی دی کہ وہ اُنہیں وائرل کر کے اُسے کسی کو منہ دکھانے کے لائق نہیں چھوڑے گی۔

تفتیش کے دوران پہلی بیوی نے اعتراف کیا کہ اُس نے اپنی سوتن کو بُرا بھلا ضرور کہا تھا، مگر اپنے خاوند کے موبائل سے اُس کی نازیبا حالت والی تصاویر بالکل بھی کاپی نہیں کیں، بلکہ یہ تصاویر اُسے کسی نامعلوم شخص سے کسی اور مُلک سے بھجوائی تھیں۔ پہلی بیوی نے اپنی سوتن کے بارے میں دُکھڑا روتے ہوئے کہا کہ وہ میرے خاوند کو مجھ سے چھین کر لے گئی جس کے باعث میں اور میرے بچے تنہا زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

اس مقدمے میں اُس وقت دلچسپ صورتِ حال پیدا ہوئی جب خاوند نے بھی دُوسری بیوی کے حق میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ اُس کی پہلی بیوی نے اُس کے موبائل سے یہ نجی تصاویر چوری کیں اور دُوسری بیوی کوانہیں وائرل کرنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ یہ بات سُن کر پہلی بیوی عدالت میں رونے لگی کہ اُس کا خاوند دُوسری بیوی کا ساتھ دینے کی خاطر جھوٹ بول رہا ہے۔ اُس نے سات ماہ سے اپنے بچوں کی خبر بھی نہیں لی۔ استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ دونوں بیویوں کے موبائل فون ڈیٹا کے فرانزک کروانے سے یہ بات سامنے آئی کہ سب سے پہلے مرد کی دُوسری بیوی نے پہلی بیوی کو گالیوں بھرے واٹس ایپ پیغامات بھیجے جس کے بعد پہلی بیوی نے بھی وہی حرکت کی۔ اس مقدمے کا فیصلہ اگلے ہفتے سُنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :