افغان طالبان کی ملا اختر منصور کی جانب سے پاکستان میں زمین کی خریدو فروخت کے حوالے سے میڈیا رپورٹ کی تردید

ملا منصور کے پاس ایسی تجارت کیلئے وقت تھا اور نہ ہی موصوف کا اس نوعیت کا کاروبار تھا ، ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا بیان

ہفتہ 27 جولائی 2019 18:48

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2019ء) افغان طالبان نے ملا اختر منصور کی جانب سے پاکستان میں زمین کی خریدو فروخت کے حوالے سے میڈیا پر نشر رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ تجارت ایک جائز عمل ہے تاہم ملا منصور کے پاس ایسی تجارت کیلئے وقت تھا اور نہ ہی موصوف کا اس نوعیت کا کاروبار تھا ۔ ہفتہ کو افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاکہ پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے کے حوالے سے میڈیا میں رپورٹیں شائع ہوئیں کہ ملا اختر محمد منصور پاکستان میں زمین کی خرید وفروخت کی تجارت میں مصروف تھے۔

باوجود کہ مدعی کے نام کسی اور کے ہیں اور جس تجارت کا حوالہ دیا گیا ہے وہ ایک جائز عمل ہے، مگر ملامنصور کے پاس ایسی تجارت کیلئے وقت تھا اور نہ ہی موصوف کا اسی نوعیت کا کاروبار تھا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہم نہیں جانتے کہ اس طرح رپورٹیں پھیلانے کا مقصد کیا ہوگا مگر اتنا کہہ سکتے ہیں کہ ہمارے معزز قائدین کے حوالے سے اس طرح کی مجہول رپورٹیں شائع کرنا کسی کے مفاد میں نہیں ہے اور ملامنصور کی باوقار شخصیت کے بلند مینار کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔انہوںنے کہاکہ افغانستان کی صلح میں جو تعاون کرنا چاہتا ہے، انہیں چاہیے کہ کسی نام اور عنوان کے تحت ہمارے قائدین کو نقصان نہ پہنچائے۔