Live Updates

مریم نواز کی چوہدری شوگرمل مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں نیب میں پیشی

تین رکنی ٹیم نے 45منٹ تک سوالات کئے ،سوالنامہ دے کر 8اگست کو دوبارہ طلب کر لیاگیا

بدھ 31 جولائی 2019 14:30

مریم نواز کی چوہدری شوگرمل مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں نیب میں پیشی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز چوہدری شوگرمل مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہو گئیں ،نیب نے مریم نواز کو سوالنامہ دے کر 8اگست کو دوبارہ طلب کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے رمضان شوگر مل مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں مریم نواز ، حسن نواز، حسین نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کو31جولائی کیلئے طلبی کے نوٹسز جاری کئے تھے۔

(جاری ہے)

مریم نواز اپنے خاوند کیپٹن (ر) محمد صفدر کے ہمراہ جاتی امراء رائے ونڈ سے نیب لاہور کے ہیڈ کوارٹر ٹھوکر نیاز بیگ پہنچیں ۔ ذرائع کے مطابق نیب کی تین رکنی ٹیم نے مریم نواز سے رمضان شوگر ملز کے شیئرز اور دیگر معاملات پر 45منٹ تک سوالات پوچھے جس کے بعد انہیں واپس جانے کی اجازت دیدی گئی ۔ ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے مریم نواز کو ایک سوالنامہ بھی دیا گیا ہے اور انہیں 8اگست کو دوبارہ پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مریم نواز کی نیب میں پیشی کی اطلاع پر کارکن ان کی رہائشگاہ جاتی امراہ اور نیب ہیڈ کوارٹر کے باہر پہنچ گئے اور ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے ان کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات