یورپ کی ترقی میں آرٹس اینڈ کرافٹس کا بہت بڑا حصہ ہے،

پاکستان میں آرٹ اورکلچر کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، جمی انجینئر کی معاشرتی اور سماجی شعبے میں نمایاں خدمات ہیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ایوان صدر میں معروف آرٹسٹ جمی انجینئر کے فن پاروں کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 17 اگست 2019 14:28

یورپ کی ترقی میں آرٹس اینڈ کرافٹس کا بہت بڑا حصہ ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جب انسانی ذہن آزاد ہوتا ہے تو قومیں بھی ترقی کرتی ہیں، پاکستان میں آرٹ اورکلچر کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کررہے ہیں،سرکاری عمارتوں اور ایئرپورٹس پر آرٹ کے مختلف نمونوں کی نمائش کی جاسکتی ہے، جمی انجینئر کی معاشرتی اور سماجی شعبے میں نمایاں خدمات ہیں، انہوں نے پاکستان کی جدوجہد آزادی کی بھرپورعکاسی کی، ان کے تین ہزار سے زائد فن پارے اور ایک ہزارخطاطی کے نمونے ہیں، وفاقی دارالحکومت کے مقام شکرپڑیاں میں نمائش گیلریوں کیلئے وسیع جگہ موجود ہے، معروف آرٹسٹ صادقین کا فن پارہ منگلا میں آویزاں کیا گیا ہے،یورپ کی ترقی میں آرٹس اینڈ کرافٹس کا بہت بڑا حصہ ہے،پاکستان میں آرٹ اینڈ کلچر کے فروغ کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو ایوان صدر میں معروف آرٹسٹ جمی انجینئر کی بنائے ہوئے فن پاروں کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نمائش کے انعقاد پرآمنہ پٹودی کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سابق وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے تجویز پیش کی کہ ایوان صدر میں مشاعرہ کرایا جائے تاکہ اخراجات کی بچت کی جاسکے، اس حوالے سے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر سے مشاورت کی گئی جس کے بعد مشاعرہ کا انعقاد ہوا لیکن اس پر بڑی تنقید کی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں آرٹ اور کلچرکے فروغ کیلئے اقدامات کررہے ہیں، میں اورمیری اہلیہ ہمیشہ فکر مند رہتے ہیں کہ ملک کے آرٹ اورکلچرکو کس طرح فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آرٹ اینڈ کلچر کے فروغ کی ذمہ داری وفاقی وزیر تعلیم وتربیت شفقت محمود نے اٹھائی ہے اور اس حوالے سے وہ بہترین کام کررہے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں جمی انجینئر کے فلاحی کاموں سے آگاہ تھا اور ہمیشہ سوچتا تھا کہ یہ کون شخص ہے جومعاشرے کے مشترکہ مقاصد کے لئے اپنے آرٹ کو وقف کرتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ آرٹسٹ طبقہ اپنی مادی خواہشات سے ہٹ کر معاشرے کی بہتری کا سوچتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ آرٹسٹ کوئی بھی ہو وہ معاشرے کا عکاس ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمی انجینئر نے اپنے فن پاروں میں تحریک پاکستان اور مسئلہ کشمیرکو اجاگر کرنے کے حوالے سے بہترین عکاسی کی ہے جبکہ انہوں نے لینڈسکیپ ، منی ایچرز اور ایبسٹریکٹ سمیت مختلف حوالوں سے کام کیا ہے ، جمی انجینئر کے تین ہزار سے زائد فن اور ایک ہزار خطاطی کے مختلف نمونے اور کئی ڈرائنگز بھی ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ دنیا بھر میں زرتشت طبقہ کی تعداد بہت کم ہے لیکن عوامی و معاشرتی فلاح وبہبود میں ان کا کردار لازوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اردشیرکائوس جی ، کرکٹ کے کمنٹیٹر اور سابق سفیر جمشید مارکر کے علاوہ عوامی فلاح وبہبود کیلئے کام کرنے والوں میں اس طبقہ کی نمائندگی بڑی واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ نے ایک پارسی خاتون سے شادی کی تھی، ہمارا اس کمیونٹی سے گہرا تعلق ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آرٹ اینڈ کرافٹ کے فروغ کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرتا اور یورپ کی ترقی میں اس کا بڑا کردار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے بھی آرٹ کے مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا۔ صدر مملکت نے ملک میں آرٹ اور کلچر کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کائنات کا سب سے بڑا مصور خود اللہ تعالیٰ ہیں جنہوں نے یہ کائنات تخلیق کی ہے۔

صدرمملکت نے کہا کہ آرٹسٹ اپنی آنکھوں سے دیکھ کر اورکانوں سے سن کر اپنا آرٹ تخلیق کرتا ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے اس پریشانی کا اظہارکیا کہ پاکستان سمیت دنیا بھرکے میوزیمز میں زیادہ تر آرٹ کے نمونے سٹوروں میں رکھ دیئے جاتے ہیں اور مخصوص مواقع پر ان کی نمائش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں بھی آرٹ کی نمائش کی جگہیں کم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے مقام پر آرٹ گیلریاں بنائی جاسکتی ہیں وہاں پر جگہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے آرٹسٹ اپنے فن پارے حکومت کے حوالے کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ محفوظ رہے ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر تعلیم و تربیت شفقت محمود کو ہدایت کی کہ وہ ان کی نمائش کیلئے جگہیں بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس پر آرٹ کے فن پاروں کی نمائش کی جاسکتی ہے۔

اس کے علاوہ سرکاری عمارتوں میں بھی آرٹ کے فن پاروں کی نمائش کی جاسکتی ہے تاکہ عوام اس سے استفادہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ معروف مصور صادقین نے بڑی محنت کے بعد 58 دنوں میں ایک آرٹ کا فن پارہ تخلیق کیا جو منگلا پاور ہائوس میں لگایا گیا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ وہ لوگوں کی نظروں سے اوجھل ہے کیونکہ وہاں پرعام افراد کی رسائی نہیں۔صدرمملکت نے کہا کہ حکومت آرٹ اورکلچر کے فروغ کیلئے اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمی انجینئر پاکستان کا چہرہ ہے اور وہ آرٹسٹ جس کے دل میں ملک وقوم کا جذبہ ہو وہ قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان میں ایک بہت بڑے آرٹسٹ علامہ محمد اقبال کی سوچ شامل تھی۔ انہوں نے کہا کہ جمی انجینئر جیسا محب وطن ملک کا سفیر ہے جو دنیا بھرمیں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگرکررہا ہے۔