خیبرپختونخوا کے نئے قبائلی اضلاع و دورافتادہ پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی سکیموں پر عمل درآمدجلد شروع ہو جائے گا

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان او روفاقی وزیر عمر ایوب خان کی زیر صدارت اجلاس میں لیا گیا یہ ترقیاتی سکیمیں عوام کو قدرتی گیس اور بجلی کی فراہمی ، انفراسٹرکچر کے قیام اور مواصلات پر مشتمل ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 17 اگست 2019 14:45

خیبرپختونخوا کے نئے قبائلی اضلاع و دورافتادہ پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی ..
تحصیل باڑہ، ضلع خیبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،17 اگست 2019ء، نمائندہ خصوصی، حُسین آفریدی) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان او روفاقی وزیر عمر ایوب خان کی زیر صدارت اجلاس میں خیبرپختونخوا کے نئے قبائلی اضلاع و دورافتادہ پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی سکیموں پر عمل درآمد کیلئے وقت کا تعین کیا گیا۔ یہ ترقیاتی سکیمیں عوام کو قدرتی گیس اور بجلی کی فراہمی ، انفراسٹرکچر کے قیام اور مواصلات پر مشتمل ہیں جو صوبے کے دور افتادہ علاقوں چترال، شانگلہ، بونیر، دیر ، باجوڑ ، ہنگو، خیبر ، وزیرستان ، ڈیرہ اسماعیل خان ، صوابی وغیرہ میں شروع کی جارہی ہیں جس سے صوبے میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے جبکہ ان اضلاع کے عوام کو وہاں پر پیدا ہونے والے سبزی و پھل کو منڈی تک پہنچانے سمیت آمد ورفت میں آسانی پیدا ہوگی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاقی وزیر مراد سعید ، خیبرپختونخوا کے وزراء تیمور جھگڑا، اکبر ایوب خان، ایم این اے شیر علی ارباب، سیکرٹری خزانہ شکیل قادر، پیسکو، ٹیسکو، ایس این جی پی ایل ، این ایچ اے اور وزارت مواصلات کے سربراہان و اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ترقیاتی کام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے شرکاء کو صوبائی حکومت کی ترجیحات سے آگاہ کیا اور مذکورہ سکیموں کی بر وقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے متعلقہ اداروں اور تنظیموں کے سربراہان سے کہاکہ اگر کوئی مسئلہ یا رکاوٹ ہو تو اس کی بروقت نشاندہی کریں تاکہ وقت ضائع نہ کرے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کے دورافتادہ علاقوں خصوصاً ضم شدہ قبائلی اضلاع کے لوگوں نے بڑی مشکلات اْٹھائی ہیں۔ اب وقت ہے کہ زندگی کی تمام بنیادی ضروریات اور سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کی جائیں۔ محمود خان نے کہاکہ لوگوں کو بجلی، گیس ، روڈ اور پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات کی بلا امتیاز فراہمی عمران کے ویڑن کے مطابق ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور ان کی حکومت اس مقصد کیلئے شروع کی گئی ترقیاتی سکیموں کی تیز رفتار تکمیل یقینی بنانے کیلئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائے گی۔

دونوں وفاقی وزراء نے یقین دلایا کہ وہ مذکورہ بالا اضلاع میں سکیموں کے روڈ میپ وضع کرنے ، حقیقت پسندانہ ٹائم لائن کے تعین اور سکیموں کی بروقت تکمیل میں وفاقی اور صوبائی دونوں سطح پر حکام کے ساتھ بھر پور تعاون یقینی بنائیں گے۔