ہاں میں آئی ایس آئی کا ایجنٹ ہوں

20کروڑ پاکستانیوں کی طرح،خفیہ نہیں واضح ایجنٹ ہوں،حمزہ علی عباسی

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 18 اگست 2019 06:05

ہاں میں آئی ایس آئی کا ایجنٹ ہوں
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اگست2019ء)   کشمیر کے معاملے پر اس وقت ساری دنیا میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔مکار انڈیا کے پبلک و پرائیویٹ سیکٹر کے سبھی ادارے پاکستان کے خلاف زہر اگلنے اور کشمیر کو اندرونی معاملہ قرار دینے پر تلے ہوئے ہیں۔انڈیا پر اس وقت سب سے زیادہ خوف پاکستان آرمی اور آئی ایس آئی کا ہے۔اس لیے جب بھی ایسا موقعہ آتا ہے تو انڈین میڈیا اور دیگر ادارے آئی ایس آئی پر الزام لگانے اور لوگوں کو اس کا ایجنٹ قرار دینے پر زور لگاتے ہیں۔

اب کی بار بھی انہوں نے کچھ ایسا ہی کیا ہے۔بھارتی حکومت کی جانب سے رواں ماہ 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کیے جانے کے بعد انڈین حکومت کے ساتھ ساتھ میڈیا بھی دنیا کو دھوکا دینے میں مصروف دکھائی دیتاہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے پر بھارت پر ہونے والی عالمی تنقید کو چھپانے کے لیے بھارتی میڈیا جہاں اپنی حکومت کی تعریف کرنے میں مصروف ہے، وہیں وہ پاکستانی حکومت اور شخصیات کے خلاف بھی مہم شروع کیے ہوئے ہے۔

پاکستان کے جشن آزادی کے موقع پر بھارتی ٹی وی چینل ’ریپبلک‘ کی جانب سے ایک پروگرام میں پاکستانی حکومت، وزیروں، سیاستدانوں اور شوبز شخصیات کے حوالے سے من گھڑت دعوے کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی حمایت کرنے والوں کو پاکستان کی خفیہ ایجنسی کا ایجنٹ قرار دیا گیا۔بھارتی ٹی وی نے جن پاکستانی شخصیات کو خفیہ ایجنسی کا ایجنٹ قرار دیا، ان میں اداکار حمزہ علی عباسی بھی شامل تھے، جنہوں نے ’ریپبلک‘ ٹی وی کے پروگرام کے اسکرین شاٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے۔

حمزہ علی عباسی نے پروگرام کے میزبان کو جھوٹ پھیلانے والا شخص قرار دیتے ہوئے بھارتی میڈیا کو بھی غلط افواہیں پھیلانے کا ٹھیکیدار قرار دیا۔حمزہ علی عباسی نے پروگرام میں کیے گئے دعوؤں پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ پاکستان کے خفیہ ادارے انٹر سروس انٹیلی جنس‘ (آئی ایس آئی) کے خفیہ ایجنٹ نہیں بلکہ واضح طور پر ایجنٹ ہیں‘۔حمزہ علی عباسی نے واضح کیا کہ ’انہیں فخر ہے کہ وہ ملک کے خفیہ ادارے کے ایجنٹ ہیں‘پاکستانی اداکار کا کہنا تھا کہ جس طرح 20 کروڑ پاکستانی آئی ایس آئی کے ایجنٹ ہیں، وہ بھی اسی طرح اپنے ملک کے محافظ ادارے کے ایجنٹ ہیں۔