حکومت پنجاب کے ایک سال کی تکمیل پر سردار محمد آصف نکئی کا کابینہ کو خراج تحسین

وزیراعلی پنجا ب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبے میں حقیقی ترقی کا آغاز ہو چکاہے‘ صوبائی وزیر

منگل 20 اگست 2019 16:19

حکومت پنجاب کے ایک سال کی تکمیل پر سردار محمد آصف نکئی کا کابینہ کو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2019ء) صوبائی وزیربرائے مواصلات وتعمیرات سردار محمد آصف نکئی نے پنجاب حکومت کے ایک سال کامیابی سے مکمل ہونے پر کابینہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجا ب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبے میں حقیقی ترقی کا آغاز ہو چکاہے۔ چند ماہ کی قلیل مدت میں 345ملین روپے کی لاگت سے لاہور میں 5 پناہ گاہوں کا قیام اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت سماجی تحفظ کے شعبے کو خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

کم آمدنی والے لوگوں کے لئے نیا پاکستان ہاسنگ پروگرام کا بھکر،لودھراں،چشتیاں،رینالاخورد، لیہ اور خوشاب میں آغاز کیا جا چکا ہے۔صحت کارڈ کا دائرہ کار پنجاب کے 20اضلاع تک پھیلادیا گیاہے۔ آصف نکئی نے کہا کہ دیہی علاقوں میں کھیتوں سے منڈیوں تک آسان رسائی کے لئے "نیا پاکستان منزلیں آسان "پروگرام کا آغاز کیا جا چکا ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں 15ارب روپے کی لاگت سے 1200کلومیٹرز سڑکوں کی تعمیر کی جائے گی۔

(جاری ہے)

پروگرام کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ای ٹینڈرنگ کا اجر کیا جا چکا ہے۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ موجودہ حکومت کرپشن پر کنڑول اور کفایت شعاری کے ایجنڈا پر عمل پیرا ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں مانیٹرنگ اور اخراجات کی معقولیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہگزشتہ دور ِحکومت میں اقربا پروری،کرپشن اور لوٹ مار کے کلچر کو فروغ دیاگیا۔

ماضی کے حکمرانوں نے میرٹ کی دھجیاں اڑائیں اورترقیاتی منصوبوں کے نام پر حاصل کئے گئے قرضے ان کی ہوس اور طمع کی نذر ہوئے۔ان حکمرانوں کی ہوس،لالچ اور لوٹ مار کی سیاست نے ملک اور قوم کا دیوالیہ نکال دیا اور غریب قوم کے بچوں کو قرضوں میں جکڑا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب اپنی لانگ ٹرم پلاننگ کے ذریعے آئندہ معاشی بحران کے امکانات کا سدباب کر رہی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب قائداعظم اور علامہ اقبال کے تصور پاکستان کو تعبیر ملے گی۔