بھارتی چینلز اور غیر قانونی بھارتی ڈی ٹی ایچ سے متعلق کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی، چیئر مین پیمرا کی کیبل ٹی وی آپریٹرز کو انتباہ

منگل 20 اگست 2019 17:50

بھارتی چینلز اور غیر قانونی بھارتی ڈی ٹی ایچ سے متعلق کوئی رعایت نہیں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) چیئر مین پاکستان الیکٹرونک ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) محمد سلیم بیگ نے کیبل ٹی وی آپریٹرز کو دو ٹوک الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ بھارتی چینلز اور غیر قانونی بھارتی ڈی ٹی ایچ سے متعلق کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی۔ منگل کو پیمرا ریجنل آفس لاہور کے دورہ کے موقع پر چیئرمین نے کیبل آپریٹرز کو بتایا کہ پیمرا اور سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کے مرتکب کیبل آپریٹرز کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

(جاری ہے)

جموں و کشمیر سے متعلق حالیہ پاک بھارت تنائو کی وجہ کیبل ٹی وی آپریٹرز کو خبردار کیا گیا ہے کہ بھارتی چینلز دکھانے والے نیٹ ورک آپریٹرز کیخلاف ایف آئی آر درج کریگی۔ ملاقات کے دوران کیبل آپریٹرز کے نمائندوں نے کسی بھی بھارتی چینل کو نہ دکھانے،پیمرا اور ملک کیساتھ مکمل یکجہتی کے حوالے سے حمایت کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کرائی وہ بھارتی چینلز دکھانے والے کسی بھی کیبل آپریٹر کی حمایت نہیں کرینگے۔اس کے علاوہ چیئر مین پیمرا نے کیبل آپریٹرز کے جائز مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔