امپائرز اور میچ ریفریز کے لیے تربیتی ورکشاپ کا آغاز 25 اگست سے ہوگا

ورکشاپ کا مقصد ملک بھر کے میچ آفیشلز کو تازہ ترین پلیئنگ کنڈیشنز سے آگاہ کرنا ہے، ہارون رشید

ہفتہ 24 اگست 2019 17:57

امپائرز اور میچ ریفریز کے لیے تربیتی ورکشاپ کا آغاز 25 اگست سے ہوگا
لاہور۔24 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی ہارون رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ امپائرز اور میچ ریفریز کے لیے لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں سالانہ ورکشاپس کا آغاز 25 اگست بروز اتوار سے کررہا ہے۔ ورکشاپس کے انعقاد کا مقصد ملک بھر کے میچ آفیشلز کو جدید قوانین سے آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ پی سی بی ڈومیسٹک پلیئنگ کنڈیشنز، کوڈ آف کنڈکٹ اور لباس کے قوانین سے روشناس کروانا ہے۔

ہارون رشید نے کہا کہ میچ آفیشلز کو تازہ ترین پلیئنگ کنڈیشنز سے آگاہی دینے کے لیے پی سی بی ان ورکشاپس کا انعقاد سالانہ بنیادوں پر کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ان ورکشاپس کے انعقاد سے ڈومیسٹک کرکٹ میں کام کرنے والے میچ آفیشلز کو بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنے والے امپائروں سے بات چیت کا موقع ملتا ہے۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل امپائرزکا تجربہ ڈومیسٹک آفیشلز کو کھیل کے دوران دباؤ برداشت کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے پاس بہترین ڈومیسٹک امپائرز ہیں جن کے لیے آئندہ ڈومیسٹک سیز ن کے آغاز سے قبل یہ ورکشاپس سودمند ثابت ہوں گی۔ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ نے کہا کہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں کرکٹ کی اسپرٹ کو برقرار رکھنے کے لیے یہ ورکشاپس قومی میچ آفیشلز کے لیے بھی اہم ثابت ہوں گی۔لاہور اور راولپنڈ ی میں ہونے والی ورکشاپس آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کے امپائرز احسن رضا اور آصف یعقوب کے زیرانتظام ہوں گی جس میں پی سی بی کے تمام پینل امپائرز اور میچ آفیشلز شرکت کریں گے۔

کراچی میں ورکشاپ احسن رضا اور پی سی بی منیجر امپائرز اینڈ ریفریز بلال قریشی کے زیرانتظام ہوگی۔لاہور میں میچ ریفریز ورکشاپ کا انتظام احسن رضا، بلال قریشی اور آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کے میچ ریفری محمد انیس کریں گے۔ملک بھر میں ہونے والی ورکشاپس کا شیڈول 25 سے 27 اگست قذافی اسٹیڈیم لاہور‘29 سے 31 اگست رائل پیلس ہوٹل بالمقابل ایوب پارک، راولپنڈی‘3 سے 5 ستمبر نیشنل اسٹیڈیم کراچی6 سے 8 ستمبر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو گی۔