میئر کراچی نے چند ہی گھنٹوں بعد مصطفی کمال کو پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج کے عہدے سے معطل کردیا

میری نیک نیتی پر مبنی اقدام کو بھی سیاست کی بھینٹ چڑھادیا، مصطفی کمال پروجیکٹ ڈائریکٹر بننے کے قابل نہیں، وہ بدتمیز بھی ہیں، وسیم اختر

منگل 27 اگست 2019 19:22

میئر کراچی نے چند ہی گھنٹوں بعد مصطفی کمال کو پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اگست2019ء) میئر کراچی وسیم اختر نے چند ہی گھنٹوں بعد مصطفی کمال کو پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج کے عہدے سے معطل کرتے ہوئے کہاہے کہ مصطفی کمال نے میری نیک نیتی پر مبنی اقدام کو بھی سیاست کی بھینٹ چڑھادیا، مصطفی کمال پروجیکٹ ڈائریکٹر بننے کے قابل نہیں، وہ بدتمیز بھی ہیں۔وسیم اختر نے مصطفی کمال کو گزشتہ روزہی شہر کی صفائی کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج مقرر کیا تھا۔

میئر کراچی وسیم اخترنے اس ضمن میں کہا کہ مصطفی کمال کو بد تمیزی پر معطل کیا یہ کام کے بجائے سیاست چمکا رہے ہیں، انھوں نے مخلصی کاغلط فائدہ اٹھایااورسیاست چمکاناشروع کردی۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے حالات کے بارے میں سب جانتے ہیں، بڑی نیک نیتی سے کراچی کے مسائل کو حل کرنا چاہتا ہوں، میں کراچی کی مدد کے لئے علی زیدی اور بحریہ ٹائون کے ساتھ کھڑا رہا، جو جو کراچی کی مدد کرسکتا تھا ان سب سے رابطہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مصطفی کمال نے کہا کہ میئر کے اختیارات کچرا اٹھانے کے مجھے دیئے جائیں، میں نے تمام اختلاف کے باوجود ان کی بات پر لبیک کہا، میری مخلصی سے غلط فائدہ اٹھایا گیا۔ مصطفی کمال نے ریلی نکالی، مغلظات بکنا شروع کردیں، ان کو نوٹی فکیشن کے بعد مصطفی کمال کو میڈیا پر ڈرامے سے پہلے دفتر آکر اپنا منصوبہ بتانا چاہیے تھاکہ وہ کیسے 90 روز میں کراچی کو صاف کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال نے چیئرمین ڈسٹرکٹ سینٹرل کی حدود میں مداخلت کی ہے۔ مصطفی کمال نیب کے نمائندے نہیں جو دستاویزات منگوارہے تھے، جو وسائل ہیں اس میں بہترین کام کرنے کی کوشش جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ گاربیج لفٹنگ کا کام کے ایم سی کا نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال میونسپل کارپوریشن کے ماتحت آتے ہیں، وسیم اخترنے کہاکہ ہم نے آپ کو ڈائریکٹر پروجیکٹ گاربیج بنایا لیکن آپ نے بلدیہ میں چائنہ کٹنگ شروع کردی، مصطفی کمال کو عہدہ نیک نیتی کی بنا پر دیا تھا کہ اگر وہ اس شہر کے لیے کچھ کرسکتے ہیں تو کریں۔

وسیم اخترنے کہاکہ مصطفی کمال کو بحیثیت پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج معطل کردیا ہے، اگلے احکامات تک مصطفی کمال معطل رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں کچرا،سیوریج اورصاف پانی کے مسائل ہیں،ہمارے پاس جو مشینری ہے وہ استعمال کررہے ہیں،اب توسالڈویسٹ مینجمنٹ بھی کام نہیں کرپارہی۔