قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ،باﺅلنگ کوچ کا حتمی اعلان رواں ہفتے متوقع

مصباح الحق کو ہیڈ کوچ ،وقار یونس کو باﺅلنگ کوچ بنانے پر اصولی اتفاق ہو چکا : ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 2 ستمبر 2019 13:19

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ،باﺅلنگ کوچ کا حتمی اعلان رواں ہفتے متوقع
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 ستمبر2019ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا اعلان رواں ہفتے کردیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق مصباح الحق کو ہیڈ کوچ بنانے پر اصولی طور پر اتفاق ہو چکا ہے، دوسری جانب محسن خان کی ابھی تک آس نہیں ٹوٹی، گزشتہ روز ایک انٹرویو میں انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ماضی میں بطور چیف سلیکٹر اور ہیڈکوچ خدمات کو دیکھتے ہوئے ان کو ایک بار پھر ملکی کرکٹ کی خدمت کا موقع ضرور دیا جائے گا۔

پی سی بی کی جانب سے تشکیل دیے جانے والے پانچ رکنی پینل نے مصباح الحق، محسن حسن خان اور ڈین جونز کے بعد جوہان بوتھا کا انٹرویو بھی کیا تھا لیکن ان کا کیس کمزور نظر آرہا ہے، باﺅلنگ کوچ کے لیے وقاریونس مضبوط امیدوار ہیں،محمد اکرم وقار یونس کے مقابلے میں دستبردار ہوئے تو پی سی بی نے سابق ویسٹ انڈین باﺅلر کورٹنی والش کا انٹرویو کیا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وقار یونس ہی پاکستانی ٹیم کے باﺅلنگ کوچ ہوں گے۔

(جاری ہے)

مصباح الحق نے گزشتہ دنوں پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ہیڈکوچ کو ہی چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں دینے سے مسائل میں کمی آ سکتی ہے، سابق کپتان کو چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں بھی دی جاسکتی ہیں، سلیکشن کمیٹی کے بجائے صوبائی ٹیموں کے سلیکٹرز کی معاونت سے ٹیلنٹ تلاش کرکے قومی ٹیموں کے لیے پول تیار کرنے کی حکمت عملی اپنانے پر بھی غور ہورہا ہے۔