گوجرانوالہ، کچی آبادی شمس آباد کے بے گھر غریب متاثرین کو بے یارو مددگار ‘بے آسرا نہیں چھوڑینگے، مہر محمد صدیق و دیگر

پیر 2 ستمبر 2019 20:28

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں ٹکٹ ہولڈر حلقہ این اے 81 ‘چوہدری مہر محمد صدیق ‘ٹکٹ ہولڈر پی پی 54 رضوان اسلم بٹ ‘رانا محمد سلیم نے کہا ہے کہ چڑیا گھر کچی آبادی شمس آباد کے بے گھر غریب متاثرین کو بے یارو مددگار ‘بے آسرا نہیں چھوڑینگے، جلد وزیر اعلیٰ پنجاب سردار محمد عثمان بزدار سے خصوصی ملاقات کر کے ان مسائل کو فوری ہنگامی ترجیحی بنیادوں پر حل کروائینگے ۔

وہ محلہ شمس آباد گلی نمبر 5 میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس بڑے عوامی اجتماع سے پی ٹی آئی کے ممتاز رہنمائوں کارکنوں ‘عوامی ‘شہری ‘سیاسی شخصیات چوہدری محمد لقمان گجر ‘عابد حسین جبران جنرل کونسلر ‘رانا خالق لیبر کونسلر‘حاجی ادریس بھٹہ ‘معروف خان ‘خرم قریشی ‘راجہ افضال عزیز ‘صفدر بھٹہ ‘لالہ سہیل و دیگر مشہور و معروف شخصیات نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سادہ لوح بے گھر غریب نادار مکینوں کو اپنا گھر اپنی جنت کا جھانسہ دیکر سابق حکمرانوں اور ایم پی ایز ‘ایم این ایز اور ان کے چہیتوں چمچوں نے دونوں ہاتھوں سے لوٹا جبکہ ان سے غلط بیانی کر کے چڑیا گھر کی سرکاری اراضی پر قبضہ کروا دیا جس کی وجہ سے غریب مکینوں کو بے گھر ہونا پڑا۔ انہوں نے تمام متاثرین کو یقین دلایا کہ وہ اس سلسلہ میں جلد وزیر اعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب سے خصوصی ملاقاتیں کر کے کچی آبادی محلہ شمس آباد کے تمام بے گھر متاثرین کو انصاف دلائینگے، تمام متاثرین جلد خوشخبری سنیں گے ۔

عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے بھی متاثرین کے حقوق حاصل ہونے سے ان کا ساتھ دینے کا اعلان کیا اور ہر حال میں انہیں مالکانہ حقوق ان کے گھر ‘مکانات بلامعاوضہ دلوانے کا یقین دلایا۔