ایمنسٹی انٹرنیشنل نے انسانیت کو اولیت دو، کشمیر کا لاک ڈاؤن ختم کرو مہم شروع کر دی

ایک ماہ سے عوام اپنے پیاروں کی خیریت اور سلامتی سے آگاہ نہیں، سب صورتحال نارمل نہیں ہے، ایمنسٹی انٹر نیشنل

پیر 9 ستمبر 2019 18:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2019ء) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے انسانیت کو اولیت دو، کشمیر کا لاک ڈاؤن ختم کرو مہم شروع کر دی ۔ ایک بیان میں تنظیم نے کہاکہ ایک ماہ سے زائد عرصہ سے اسی لاکھ کشمیریوں کی زندگیاں پٹڑی سے اترچکی ہیں،اس کی وجہ کشمیر میں مکمل کمیونیکیشن بلاکیڈ ہے۔بیان میں کہاگیاکہ جوان، بچے بوڑھے ایک ماہ سے گھروں میں قید ہوکر رہ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں کہاگیاکہ اس بلیک آؤٹ کی انسانیت کو قیمت بھگتنا پڑ رہی ہے، جو نظر انداز نہیں کی جاسکتی،کمیونیکشن پر ڈریکونین اور لامحدود پابندی کی وجہ سے لوگ اپنے خاندانوں سے کٹ کر رہ گئے ہیں۔ بیان میں کہاگیاکہ بیماروں اور مصائب میں گھرے کشمیریوں کی مدد کے لئے ڈاکٹروں اور ہیومنٹیرین ورکرز کا کام بہت زیادہ متاثر ہوا ہے، یہ سب درحقیقت کشمیر کے عوام کو اجتماعی سزا کے مترادف ہے۔ بیان میں کہاگیاکہ ایک ماہ سے عوام اپنے پیاروں کی خیریت اور سلامتی سے آگاہ نہیں، یہ سب صورتحال نارمل نہیں ہے۔ بیان کے مطابق انسانیت کو اولیت دیتے ہوئے کشمیریوں کی زبان بندی ختم کی جائے۔