پولیس فورس نے عشرہ محرم کے دوران 9107جلوسوں اور36138مجالس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی، آئی جی پنجاب کی بہترین سکیورٹی انتظامات پر پولیس افسران واہلکاروں کو شاباش

بدھ 11 ستمبر 2019 16:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبے کے تمام اضلاع میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے پر سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ عشرہ محرم میں بالعموم اور یوم عاشور پر بالخصوص پولیس فورس نے سخت موسم، طویل اوقات کار اور دہشت گردی کے خطرات کے باوجود جس جانفشانی سے اپنے فرائض سر انجام دیئے اس پر محکمہ کو ہی نہیں بلکہ پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔

فورس کے نام وائر لیس پیغام میں آئی جی پنجاب نے کہاکہ محرم کے پہلے دس ایام کے دوران پنجاب پولیس نے مجموعی طور پر 9107 جلوسوں اور 36138 مجالس کی حفاظت کرکے ثابت کیا کہ محدود وسائل ، سخت موسم اور مشکل حالات سمیت کسی بھی قسم کی پریشانی آپ کے عزم و استقلال کی راہ میں حائل نہیں ہو سکتی۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے مزید کہاکہ میں بہترین کارکردگی سے فرائض سر انجام دینے پر کانسٹیبل سے لے کر ایڈیشنل آئی جی تک تمام پولیس فورس بشمول ضلعی پولیس ، ایلیٹ ، پنجاب ہائی وے پٹرول ، پی سی ، ڈولفن ، پیرو ، وائرلیس سٹاف ، ٹریفک سٹاف ، کنٹرول روم سٹاف ،رضا کار سٹاف اور منسٹریل سٹاف کو مبارک باد دیتا ہوں اور اس کارکردگی پر پوری پنجاب پولیس داد و تحسین کی مستحق ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں پنجاب کے طول و عرض میں رہنے والے شہریوں، تمام مکاتب فکر کے علماء اور دیگر اداروں کابھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جن کے تعاون کے بغیر اس فرض کی ادائیگی ممکن نہ تھی۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پولیس نے دوران ڈیوٹی جس طرح خوش اخلاقی کا بہترین نمونہ پیش کر کے سب کو ساتھ لے کر چلتے ہوئے امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا وہ اپنی مثال آپ ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں بھی پولیس فورس اسی جذبے سے فرائض ادا کرتے ہوئے صوبے میں امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی۔

مزید برآں آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے یوم عاشورہ پر سنٹرل کنٹرول روم کا دورہ کیا اور کنٹرول روم سٹاف کی ورکنگ اور یوم عاشورہ کے مرکزی جلوسوں کی تازہ ترین صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اے آئی جی آپریشنزعمران کشور نے آئی جی پنجاب کو صوبے کے تمام اضلاع میں مرکزی جلوسوں اور مجالس کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں یوم عاشورہ کے جلوس اور مجالس اپنے مقررہ مقامات اور روٹس پر گامزن ہیں جبکہ سینئر افسران حساس جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں ۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب نے کنٹرول روم میں متعین سٹاف کو مزیدمحنت اورفرض شناسی سے ڈیوٹی سر انجام دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مانیٹرنگ افسران جلوسوں کی تازہ ترین صورتحال سے سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات افسران کو ہر لمحہ باخبر رکھیںجبکہ اطلاعات کے حصول اور فوری ترسیل کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے تاکید کی تھی کہ جب تک آخری عزادار نہ چلا جائے فیلڈ اہلکار اور کنٹرول روم کا تمام عملہ الرٹ ہو کر ڈیوٹی سر انجام دے۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنزپنجاب انعام غنی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔