مشیر وزیراعلی خیبرپختونخوا اجمل خان وزیر کی آئی جی خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد نعیم سے ملاقات

لیویز اور خاصہ دار فورس کے خدشات اوران کے مسائل کے ممکنہ حل بارے تبادلہ خیال

بدھ 11 ستمبر 2019 23:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع و ترجمان پختونخوا حکومت اجمل خان وزیر نے آئی جی خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد نعیم سے ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے یوم عاشور پر احسن سیکورٹی اقدامات پر آئی جی سمیت پولیس ڈیپارٹمنٹ کی تعریف کی۔وزیراعلیٰ کے مشیر اور آئی جی خیبر پختونخوا نے لیویز اور خاصہ دار فورس کے خدشات اوران کے مسائل کے ممکنہ حل بارے تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ لیویز اور خاصہ دار فورس نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں جبکہ انضمام کے بعد موجودہ حکومت کو ان کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کا موقع ملا ہے۔ اجمل خان وزیر کا کہنا تھا کہ اٹھائیس ہزار لیویز و خاصہ دار فورس کوپولیس میں ضم کرنے کیلئے قانونی پیچیدگیاں ختم کی جارہی ہیں۔اس پر آئی جی ڈاکٹر محمد نعیم نے مشیر کو بتایا کہ گزشتہ بجٹ میں خاصہ دار فورس کو پولیس میں ضم کرنے کیلئے ایس این ایز منظور ہوچکے ہیں جبکہ مزید قانون سازی کیلئے قانونی مسودہ اسمبلی کے آئندہ سیشن میں پیش کیا جائیگا ۔ آئی جی خیبر پختونخوا کیساتھ ملاقات کے دوران قبائلی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔