چین اور دبئی کے سرمایہ کاروں کے وفد کی وزیرہائوسنگ سے ملاقات، کم لاگت گھروں کی تعمیر کے متعلق بریفنگ

دیگر ممالک کی فرموں کا نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کیلئے اپنی خدمات پیش کرنا خوش آئند ہے ، میاں محمودالرشید

بدھ 11 ستمبر 2019 23:53

لاہور۔11 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) وزیرہائوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمودالرشید سے دبئی اور چین کے ہائوسنگ سیکٹر سے وابستہ سرمایہ کاروں اور ماہرین کے وفد نے ملاقات کی اور کم لاگت گھروں کی تعمیر اورقبل ازیں اپنے اداروں کے تعمیراتی کاموں کے متعلق بریفنگ دی ۔ وفد میں پرائیویٹ آفس آف ہز ہائنس شیخ احمد بن ڈلموک المکتوم ،چائنہ کنسٹرکشن ڈیزائن انٹر نیشنل، چائنہ جانکسو کارپوریشن ، چائنہ وویی کمپنی اور چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن سے تعلق رکھنے والے ارکان شامل تھے ۔

سیکرٹری ہائوسنگ نسیم صادق ، ڈی جی پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی (پھاٹا ) لیاقت چٹھہ، جنرل سیکرٹری ہائوسنگ ٹاسک فورس عاطف ایوب اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

میاں محمود الرشید نے اس موقع پر کہاکہ نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ میں کم لاگت گھروں کی تعمیر کے حوالے سے غیر ملکی اداروں کے تجربات سے استفادہ کریں گے اور اس طرح نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کے طرزتعمیر میں جدت متعارف کرائی جائے گی۔

انہوں نے وفد کے ارکان سے کہاکہ نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ میں کم لاگت گھروں کی تعمیر کے متعلق ان کی قابل عمل تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا کیونکہ اس پراجیکٹ کا مقصد عوام کو ہائوسنگ کی معیاری سہولیات کم لاگت میں فراہم کرنا ہے۔ دیگر ممالک کی فرموں کا نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کیلئے اپنی خدمات پیش کرنا خوش آئند ہے ۔سیکرٹری ہائوسنگ نسیم صادق اور ڈی جی پھاٹا لیاقت چٹھہ نے وفد کو پھاٹا کے زیر انتظام اراضی اور نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کے مختلف قانونی اور انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔

اس موقع پر فیصلہ کیا گیاہے کہ وفد کے ارکان لاہور اور فیصل آباد میں پھاٹا کی زیر انتظام اراضی کا دورہ کرنے کے بعد اپنی تجاویز اور سفارشات پر مبنی رپورٹ پیش کریںگے ۔