گوادر میں سعودی عرب کے تعاون سے 12 ارب ڈالرز کی آئل ریفائنری کی تعمیر کا کام اکتوبر سے شروع ہونے کا امکان

منصوبہ بہت وسیع اور پیچیدہ ہے تاہم اس کی ٹیکنیکل اسٹڈی اکتوبر کے ماہ تک مکمل کر لی جائے گی جس کے بعد جلد تعمیراتی کام کا آغاز ہو جائے گا: سعودی وزیر برائے توانائی خالد صالح

muhammad ali محمد علی بدھ 11 ستمبر 2019 23:30

گوادر میں سعودی عرب کے تعاون سے 12 ارب ڈالرز کی آئل ریفائنری کی تعمیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 ستمبر2019ء) گوادر میں سعودی عرب کے تعاون سے 12 ارب ڈالرز کی آئل ریفائنری کی تعمیر کا کام اکتوبر سے شروع ہونے کا امکان، سعودی ڈپٹی منسٹر برائے توانائی خالد صالح کا کہنا ہے کہ منصوبہ بہت وسیع اور پیچیدہ ہے تاہم اس کی ٹیکنیکل اسٹڈی اکتوبر کے ماہ تک مکمل کر لی جائے گی جس کے بعد جلد تعمیراتی کام کا آغاز ہو جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے سعودی ولی عہد کے دورے کے دوران پاکستان میں کی گئی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر عمل درآمد کو تیز بنانے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ اس حوالے سے سعودی وفد نے وزیر توانائی کی سربراہی میں پاکستان کا خصوصی دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران سعودی وفد پاکستان کی حکومتی شخصیات سے خصوصی ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

ملاقاتوں کے دوران 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

سعودی وزیر توانائی نے پاکستان میں کی گئی سرمایہ کاری کے معاہدوں پرعمل درآمد کو تیز بنانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے پاکستان میں پیٹرو کیمیکل ریفائری لگائی جائے گی جو کہ ایک بڑا اور اہم منصوبہ ہوگا۔ سعودی وزیر توانائی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساحلی شہر گوادر میں 12 ارب ڈالرز کی لاگت سے آئل ریفائنری تعمیر کی جائے گی۔ یہ منصوبہ بہت وسیع اور پیچیدہ ہے، تاہم اس کے باوجود دونوں ممالک کی قیادت اس اور دیگر منصوبوں پر جلد از جلد کام کے آغاز کی خواہاں ہے۔

اس وقت آئل ریفائنری کی ٹیکنیکل اسٹڈی جاری ہے جو اکتوبر میں مکمل ہو جائے گی۔ ٹیکنیکل اسٹڈی مکمل ہونے کے بعد جلد سے جلد آئل ریفائنری کی تعمیر کے کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ جبکہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے دوران اعلان کیے گئے دیگر منصوبوں کی تعمیر کا بھی جلد آغاز کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کے دورے کے دوران 20 ارب ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔