گوجرانوالہ، پولیس نے معافی والا سے گم ہونے والی بچی کو بحفاظت تلاش کر کے ورثاء کے حوالے کر دیا

جمعرات 12 ستمبر 2019 21:04

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2019ء) سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر معین مسعود کے احکامات کے پیش نظر ایس پی سول لائن ڈویژن کی زیر نگرانی تھانہ اروپ پولیس نے معافی والا سے گم ہونے والی آیت فاطمہ کو بحفاظت تلاش کر کے ورثاء کے حوالے کر دیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سی پی او نے ضلعی پولیس کو احکامات جاری کر رکھے ہیں کہ دورانِ گشت و ناکہ بندی آنے جانے والے چھوٹے بچوں پربھی کڑی نظر رکھے گی اور شک گذرنے پر بچے اور اُس کے ہمراہ جانے والے محرم یا غیر محرم سے مکمل چھان بین کے بعد بچے کو اُس کے ورثاء کے ساتھ جانے دیا جائے۔

اسی تناظر میں مقامی پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک بچی آیت فاطمہ سکنہ معافی والہ کہیں گم ہو گئی ہے، جس کی کافی تلاش کرتے رہے ہیں لیکن کوئی سراغ نہ ملا ہے، لہذا ہماری بچی کی گمشدگی کی بابت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔