احتساب عدالت نے جعلی اکاونٹس کیس کی سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کر دی

جمعہ 13 ستمبر 2019 23:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2019ء) احتساب عدالت نے جعلی اکاونٹس کیس کی سماعت 7اکتوبر تک ملتوی کر دی ۔جمعہ کو احتساب عدالت کے جج محمد جج بشیر نے سماعت کی۔ ریفرنس میں مرکزی ملزم منظور قادر سمیت 16 ملزمان نامزد ہیں۔ اومنی گروپ کا مرکزی کردار عبدالغنی مجید بھی ملزمان میں شامل ہے ۔سماعت کے آغاز میں ملزمان کی حاضری لگائی گئی۔

ریفرنس کے 8 شریک ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ 2 کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی۔حاضری سے استثنی کی درخواست عبدالرزاق اور راشد عقیل کی جانب سے دائر کی گئی۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شریک ملزم عباس علی آغا کراچی جیل میں قید ہیں وکالت نامہ جمع کرنا ہے۔فاضل جج نے استفسار کیا کہ ملزم کیوں پیش نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

وکیل نے بتایا کہ وہ کراچی جیل میں قید ہیں اس لیے پیش نہیں ہو سکے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کردی ۔نیب نے الزام عائد کیا کہ ملزمان نے بھاری رشوت لے کر نہر خیام میں پلاٹ کی غیرقانونی الاٹمنٹ کی،مبینہ طور پر پلاٹ کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے لیے ایک ارب روپے وصول کیے گئے،ملزمان نے رقوم کی ادائیگی کے لئے جعلی اکاونٹس کیس کا استعمال کیا۔نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ احتساب عدالت ملزمان کا ٹرائل کرکے سزا دے۔

متعلقہ عنوان :