سعودی عرب میں جرائم کی بناء پر سب سے زیادہ پاکستانیوں کے سر قلم کیے گئے

اس وقت سعودی جیلوں میں بند قیدیوں میں سب سے زیادہ گنتی بھی پاکستانیوں ہی کی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 14 ستمبر 2019 10:40

سعودی عرب میں جرائم کی بناء پر سب سے زیادہ پاکستانیوں کے سر قلم کیے ..
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،14ستمبر 2019ء) ایک سعودی اخبار کی جانب سے سعودی جیلوں میں بند غیر مُلکی قیدیوں سے متعلق رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ان جیلوں میں بند غیر مُلکیوں میں سب سے زیادہ گنتی پاکستانیوں کی ہے۔ جبکہ سعودی عدالتوں کی جانب سے سزائے موت پانے والوں میں بھی پاکستانی سرفہرست ہیں۔ زیادہ تر پاکستانیوں کے منشیات کی اسمگلنگ کے معاملے میں سر قلم کیے گئے۔

اس وقت بھی سعودی عرب میں ہزاروں پاکستانی قید ہیں۔رپورٹ کے مطابق دُنیا بھر کے مختلف ممالک کی جیلوں میں 11 ہزار سے زائد پاکستانی مختلف جرائم میں سزا کاٹ رہے ہیں جبکہ صرف عرب ممالک میں ہی قید پاکستانیوں کی گنتی 7 ہزار سے زائد ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں مختلف جرائم کے سلسلے میں تین ہزار چار سو پاکستانی جیلوں میں بند ہیں، جبکہ رواں سال 26 پاکستانیوں کو سزائے موت دی گئی ہے، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ جسٹس پراجیکٹ پاکستان کی ڈائریکٹر سارہ بلال نے بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دورہ پاکستان کے دوران دو ہزار قیدیوں کو رہا کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، مگر اس وعدے پر عمل نہیں کیا گیا۔ گزشتہ ہفتے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں بھی یہ سوال اُٹھایا گیا تھا کہ جن 579 پاکستانیوں کو سعودی حکام کی جانب سے رہا کرنے کی خبریں باہر آئی ہیں، وہ سب کہاں ہیں۔ کیا واقعی ایسا ہوا بھی ہے یا نہیں۔ زیادہ تر پاکستانی منشیات اور قتل کے مقدمات میں سزا بھُگت رہے ہیں ۔