اسلام آباد میں تعلیم، صحت اور پانی کے لئے تقریباً 11ارب روپے کے فنڈز منظور کئے گئے ہیں، منصوبوں پر جلدکام شروع کر دیا جائے گا، اسلام آباد میں قبرستان کی کمی کی وجہ سے 5نئے قبرستان بنائیں گے

میئراسلام آباد شیخ انصر عزیز کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں آئینی پٹیشن دائر کرنے جا رہے ہیں، عدالت سے استدعا کریں گے کہ وہ بطور میئر اپنے فرائض سرانجام نہیں دے سکتے تو انہیں عہدے سے ہٹا دیا جائے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان اور ایم این اے راجہ خرم نوازکی پریس کانفرنس

اتوار 15 ستمبر 2019 17:55

- اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اسلام آباد میں مختلف ترقیاتی کاموں، تعلیم، صحت اور پانی کے لئے تقریباً 11ارب روپے کے فنڈز منظور کئے گئے ہیں، ان منصوبوں پر جلدکام شروع کر دیا جائے گا، اسلام آباد میں پانی اور پارکوں کی صورتحال کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے۔

وفاقی دارالحکومت میں قبرستان کی کمی کی وجہ سے شہری اور دیہی علاقوں کی عوام کو سہولت دینے کے لئے 5نئے قبرستان بنائیں گے۔ میئراسلام آباد شیخ انصر عزیز کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں آئینی پٹیشن دائر کرنے جا رہے ہیں، عدالت سے ہم استدعا کریں گے کہ وہ بطور میئر اپنے فرائض سرانجام نہیں دے سکتے تو انہیں عہدے سے ہٹا دیا جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ کے تحت اسلام آباد میں مختلف ترقیاتی کاموں، تعلیم، صحت اور پانی کی بہتری کے لئے تقریباً 11ارب روپے منظور کرائے ہیں جس پر بہت جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پروگرام کے لئے 2.45655ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، اس پروگرام کے تحت مری روڈ پر بہارہ کہو کے مقام پر چار لین کا فلائی اوور کا قیام عمل میں لایا جائے گا، اسی طرح ترنول پھاٹک پر انٹرپاس بھی بنایا جائے گا،اس منصوبے پر کام رواں سال شروع کر دیا جائے گا۔

جی سیون اور جی ایٹ کے درمیان انٹرپاس بھی اس ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، ہم دیہی علاقوں میں سڑکوں کی مرمت و بحالی کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کے لئے سیوریج کا نظام بھی بہتر کریں گے۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اڑھائی لاکھ بچے پرائیویٹ سکولوں میں اور سوا لاکھ بچے سرکاری سکولوں میں پڑھتے ہیں، تیس فیصد سکولوں میں ایک ٹیچر ہے، اس لئے اسلام آباد میں تعلیمی معیار کو بہتر کرنے کے لئے 700اساتذہ بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تعلیم کے لئے بھی خاطر خواہ رقم مختص کی ہے جس کے مطابق تعلیم کے لئے 1.866386ارب روپے میں 7نئے سکولوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا، پہلے سے موجود سکولوں کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔ ایچ نائن فور میں سماعت سے محروم بچوں کے ادارہ نیشنل سپیشل ایجوکیشن کی گریجویشن تک کی اپگریڈیشن، ایف الیون ون میں ایف جی کالج برائے اکنامکس، مینجمنٹ، سائنس کے لئے ڈسپلن کا قیام، ہیلیمنتھیاس کی بیماری کی روک تھام کے لئے پہلی مرتبہ اسلام آباد کے سکولوں میں ویکسی نیشن کا پروگرام بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دو بڑے ہسپتال پمز اور پولی کلینک موجود ہیں لیکن آبادی زیادہ ہونے کی وجہ سے یہ ہسپتال ناکافی ہیں، حکومت نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صحت کے لئے 4.4665ارب روپے منظور کیے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت اسلام آباد میں چار ہسپتالوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا، پمز ہسپتال کے شعبہ چشم، گردہ، اینڈو سکوپی، ویسٹ مینجمنٹ سسٹم سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی، حفاظتی ٹیکہ پروگرام شامل ہیں۔

اسی طرح دیہی علاقوں میں صحت کے نظام کو بہتر کرنے اور اچھی سہولیات فراہم کرنا بھی اس پروگرام میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پانی کی صورتحال کو مزید بہتر کرنے کے لئے پی ایس ڈی پی کے تحت 65.131کروڑ روپے پانی کی مد میں رکھے گئے ہیں۔ اسلام آباد کو غازی بروتھا سے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا، بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنا اور قابل استعمال بنانا، بارش کے پانی سے زراعت کے فروغ، راول لیک اور دریائے کورنگ کے پانی کی صفائی کا کام بھی شامل ہے۔

علی نواز اعوان نے کہا کہ میئر اسلام آباد کی عدم دلچسپی کے باعث اسلام آباد کراچی جیسا منظر پیش کر رہا ہے، یہاں پر 190ٹیوب ویل ہیں جس میں سے 150چل رہے ہیں جبکہ آئی سیریز میں 16ٹیوب ویل موجود ہیں جہاں پر بھی 5ٹیوب ویل خراب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز بطور چیئرمین سی ڈی اے دو سال تعیناتی کے دوران بھی اسلام آباد کے لئے کوئی کام نہ کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ میئر اسلام آباد عوام پر فنڈز خرچ نہیں کر رہے۔میئر اسلام آباد کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کو سہولیات دیں، وفاقی حکومت اسلام آباد سے کچرے کی صفائی کیلئے اقدامات کر رہی ہے، اسلام آباد میں پانی کی قلت دور کرنے کے لئے بھی کوششیں جاری ہیں، جلد اسلام آباد کو پانی کی فراہمی کے منصوبے پر کام شروع ہو جائے گا، بہارہ کہو میں پل کی تعمیر کا کام جلد مکمل ہو گا، پل کی تعمیر سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی، اسلام آباد میں سکولوں کی اور اساتذہ کی کمی ہے، سکولوں میں 3سے 4ماہ میں اساتذہ کی کمی دور ہونا شروع ہو جائے گی،میئر اسلام آباد کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کو سہولیات دیں، اسلام آباد میں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن بھی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ لوکل ایکٹ 2015ء کے تحت 28ادارے ایم سی آئی کو چلے گئے ہیں۔ میئر کی نااہلی کی وجہ سے گرین بیلٹ اور ایف نائن پارک جنگل کا سماں پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترلائی میں 200بیڈ کے ہسپتال پر تعمیراتی کام رواں سال شروع کر دیا جائے گا۔ جھنگی سیداں میں بھی 200بیڈ کا بڑا ہسپتال بنے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ یہاں پر صرف ایچ نائن اور ایچ ایٹ میں قبرستان ہیں جو کہ یہاں کے مکینوں کے لئے ناکافی ہیں، حکومت نے پانچ نئے قبرستان بنانے کا فیصلہ کیا ہے، نئے قبرستان ترامڑی، علی پور فراش، ہمک اور ایف 16میں بنائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میئر اسلام آباد وفاقی دارالحکومت میں کسی کام پر توجہ نہیں دے رہے اس وجہ سے اسلام آباد سے منتخب ہونے والے تینوں رکن قومی اسمبلی میئر کے خلاف ہائی کورٹ میں آئینی پٹیشن لے کر جا رہے ہیں۔ ان کے خلاف پہلے سے چڑیا گھر کی مثال موجود ہے، ہم ہائی کورٹ سے استدعا کریں گے کہ وہ ڈلیور نہیں کر سکتے تو ان سے پاور لے کر موسمیاتی تبدیلی یا سی ڈی اے کو دی جائے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز نے کہا کہ میئر اسلام آباد پیراشوٹ کے ذریعے آئے ہیں، ان کی نااہلی کی وجہ سے اسلام آباد میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، صفائی ستھرائی نہ ہونے کی وجہ سے یہاں پر ڈینگی کے بھی بہت سے کیسز رونما ہوئے، کچھ لوگ ڈینگی کی وجہ سے فوت بھی ہو چکے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ اسلام آباد پر کوئی توجہ نہیں دے رہے اور وہ لندن میں مزے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ آج سے ہر یونین کونسل کے اندر ڈینگی سپرے کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں نوجوانوں کے لئے بھی جاب کا بڑا مسئلہ ہے، اس مسئلے کو بھی حل کرائیں گے۔ اسلام آباد کے رہائشیوں کیلئے 20فیصد کوٹہ اسلام آباد پولیس میں مختص کر دیا گیا ہے۔ دیگر اداروں میں بھی 20فیصد کوٹہ مختص کریں گے۔ اسلام آباد کی حالت بہتر کرنے کے لئے میئر اسلام آباد ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔