حملے کے بعد سعودی وزیر توانائی کا ارامکو کے پلانٹس کا دورہ

ْ مذکورہ حملے کے نتیجے میں بجلی، پانی اور ایندھن کی ترسیلات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا،گفتگو

پیر 16 ستمبر 2019 15:25

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2019ء) سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز نے ابقیق میں دہشت گرد حملوں کا نشانہ بننے والے ارامکو کمپنی کے پلانٹس کا دورہ کیاہے۔ اس موقع پر سعودی وزیر کے ہمراہ مملکت کے الشرقیہ صوبے کے نائب گورنر شہزادہ احمد بن فہد بن سلمان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر توانائی نے الشرقیہ کے نائب گورنر کی موجودگی میں ایک اجلاس بھی منعقد کیا۔

اجلاس میں سعودی ارامکو کمپنی کے بورڈ آف مینجمنٹ کے چیئرمین یاسر الرمیان، کمپنی کے سربراہ اور سینئر ایگزیکٹو انجینئر امین الناصر اور کئی دیگر ذمے داران نے شرکت کی۔اجلاس میں حالیہ دہشت گرد حملے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی تازہ صورت حال پر بحث ہوئی۔ اس موقع پر باور کرایا گیا کہ مذکورہ حملے کے نتیجے میں بجلی، پانی اور ایندھن کی ترسیلات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔