گورنر سندھ عمران اسماعیل سے جناح سوسائٹی کے صدر قائد کے نواسے لیاقت ایچ مرچنٹ کی ملاقات

جناح کی سوانحہ حیات ، دوقومی نظریہ اور آج کے حالات ، جناح کی زندگی کے حوالہ سے شائع کردہ کتاب سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

منگل 17 ستمبر 2019 19:04

گورنر سندھ عمران اسماعیل سے جناح سوسائٹی کے صدر قائد کے نواسے لیاقت ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے جناح سوسائٹی کے صدر اور قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے پر نواسے لیاقت ایچ مرچنٹ نے گورنرہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں محمد علی جناحؒ کی سوانحہ حیات کے حوالے سے ذاتی تجربات، رائے ، دوقومی نظریہ اور آج کے حالات ، جناح کی زندگی کے حوالہ سے شائع کردہ کتاب سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے دو قومی نظریہ کی آج بھارت کے وہ مسلمان بھی حمایت کررہے ہیں جن کے آبا ئو اجداد نے قیام پاکستان کے وقت اس کی مخالفت کی تھی جبکہ مقبوضہ کشمیر کی حکومت بھی آج قائد کے وژن کے سب سے بڑے حامی ہیں یہ بی جے پی اور آر ایس ایس کی غنڈا گردی کے بعد ہوا اور لوگوں نے قائد کے نظریہ پاکستان کو درست قرار دینا شروع کردیا جو کہ کشمیریوں کی سب سے بڑی کامیابی ہے ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اجاگر کرتی رہے گی اس ضمن میں دنیا کو کشمیر یوں پر ہونے والے بھارتی ریاستی ظلم و تشدد پر آواز اٹھانا ہوگی۔ ملاقات میں لیاقت مرچنٹ نے گورنر سندھ کو بتایا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں قائد اعظم کی سوانحہ حیات کے حوالے سے چار ایڈیشن پر مشتمل کتاب کا شائع ہونا اہمیت کا حامل ہے جس سے لوگوں کو قائد کے وژن کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل ہورہی ہے ۔ گورنرسندھ نے لیاقت مرچنٹ سے کہا کہ وہ اپنی کتاب کے اردو اور دیگر زبانوں میں ترجمہ شائع کرائیں اس ضمن میں گورنرہائوس ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے ۔