مشاورتی کونسل کا نہتے معصوم انسانوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ سفارتی روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

غلام نبی آزاد کو مقبوضہ کشمیر کے کرفیو زدہ علاقوں کے دورے کی اجازت کے حوالے سے بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے، وزیرخارجہ شا ہ محمود قریشی

منگل 17 ستمبر 2019 23:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنما غلام نبی آزاد کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے کرفیو زدہ علاقوں کے دورے کی اجازت کے حوالے سے بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے ۔ منگل کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کا نواں اجلاس وزارت خارجہ میں ہوا جس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سابقہ خارجہ سیکریٹریز/سفراء ، ماہرین بین الاقوامی تعلقات سمیت وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے شرکت کی وزیر خارجہ نے شرکاء کو اپنے حالیہ دورہ جنیوا اور اس دوران ہونیوالے اعلیٰ سطحی روابط کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے جاری مشترکہ بیان میں اٹھاون ممالک کی واضح حمایت کا سامنے آنا پاکستان کے لیے اور باالخصوص نہتے کشمیریوں کیلئے بہت اہمیت کی حامل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں معصوم انسان گذشتہ تینتالیس روز سے بدترین کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اپوزیشن رہنما غلام نبی آزاد کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے کرفیو زدہ علاقوں کے دورے کی اجازت کے حوالے سے بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے سے پاکستان کے موقف کی توثیق ہوئی ۔اجلاس میں، رواں ماہ کے آخری عشرے میں منعقد ہونے والے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کرنے کے حوالے سے بھی خصوصی مشاورت کی گئی۔اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے معصوم انسانوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ سفارتی روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا