پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پر بننے والی بھارتی فلم میں کام کرنے کی تردید کردی

منگل 17 ستمبر 2019 23:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2019ء) معروف پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پر بننے والی بھارتی فلم میں کام کرنے کی تردید کردی۔گزشتہ روز مقامی میڈیا میں خبریں گردش کررہی تھیں کہ پاکستانی اداکارہ فلم کا حصہ ہوں گی۔

(جاری ہے)

تاہم اپنے ٹوئٹر پیغام میں صبا قمر نے خبروں کو ’مزاحیہ‘ قرار دیتے ہوئے طنز کیا کہ میں نے ایک اور فلم سائن کرلی اور مجھے اس کا علم ہی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر میں کوئی فلم کروں گی تو آپ سب کو بتاؤں گی۔ اس وقت میں صرف ’کملی‘ پر کام کررہی ہوں اس لیے ریٹنگز کے لیے جعلی خبریں شائع کرنا بند کریں۔ایک اور پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ خبر شائع کرنے سے قبل ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے خبر کی تردید اس لیے کی ہے کہ اس میں ان کی مرضی کے بغیر ان کے نام کا استعمال کیا گیا ہے۔