ڈاکٹر نمرتا بے نظیر کے نام سے مشہور تھیں

حال ہی میں انہوں نے اپنے خرچ سے ایک غریب بچے کی اسکول فیس ادا کی تھی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 18 ستمبر 2019 13:43

ڈاکٹر نمرتا بے نظیر کے نام سے مشہور تھیں
لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 ستمبر 2019ء) : لاڑکانہ میں پُر اسرار طور پر مرنے والی طالبہ ڈاکٹر نمرتا کے بارے میں ان کے قریبی دوستوں کا کہنا ہے کہ نمرتا بے نظیر کے نام سے مشہور تھی۔ اُنہوں نے بتایا کہ نمرتا نے کچھ دن پہلے ہی ایک غریب بچے کا اپنے خرچ پر سکول میں داخلہ بھی کروایا تھا۔ نمرتا کے بھائی کا کہنا تھا کہ وہ بہت ہنس مُکھ تھی جبکہ اس کے ہم جماعتوں نے بھی یہی بیان دیا ہے۔

یاد رہے کہ 16 ستمبر کو لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل کالج کے ہاسٹل سے 22 سالہ طالبہ نمرتا کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ نمرتا کی نعش کو کمرے کا دروازہ توڑ کر نکالا گیا، نمرتا کے گلے میں دوپٹہ بندھا ہوا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نمرتا کی اس پُر اسرار موت کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور نمرتا کی موت کی حقیقی وجہ کا تاحال تعین ہونا باقی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نمرتا کی لاش آخری رسومات کے لیے گذشتہ روز گھوٹکی لائی گئی جہاں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے تاجروں نے طالبہ کی ہلاکت کے سوگ میں کاروبار بند رکھا تھا۔

گذشتہ رات اڑکانہ میں میڈیکل کالج کے ہاسٹل میں جاں بحق ہونے والی نمرتا کور کی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی سامنے آئی۔ پوسٹ مارٹم کرنے والے سرجن نے رپورٹ میں بتایا کہ طالبہ کے جسم پر تشدد کا کوئی نشان موجود نہیں ہے تاہم نمرتا کے گلے میں کوئی چیز باندھنے کے نشان ہیں۔ ڈاکٹر کے مطابق پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ چند دن میں آئے گی۔ طالبہ کے خون اور جسم کے نمونے لیبارٹری بھیج دیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ نمرتا کے بھائی نے اس واقعہ کو قتل کا واقعہ قرار دیا تھا۔ نمرتا کے بھائی ڈاکٹر وشال نے کہا تھا کہ میں خود ایک ڈاکٹر ہوں اور میں نے بھی لاش کا معائنہ کیا ہے ۔ میرے معائنے کے مطابق نمرتا کے گلے پر جس طرح کے نشان پائے گئے ہیں وہ خود کشی کے نہیں ہیں۔