سید نا حضرت امام حسین ؓکی قربانی تاریخ اسلام کا درخشندہ باب ہے،علماء

بدھ 18 ستمبر 2019 15:20

سرگودھا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) سید نا حضرت امام حسین ؓکی قربانی تاریخ اسلام کا درخشندہ باب ہے،آپ ؓ نے سر تو کٹا دیا مگر باطل کے سامنے گردن نہیں جھکائی اور اسلام کو ہمیشہ کے لئے سر بلند کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار جامع مسجد مدینہ سرگودھا میں سنی علماء کونسل کے زیر اہتمام سالانہ شہید کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر مشتاق احمد شاہ الازہری،صاحبزادی قاضی احمد حسن چشتی،علامہ محمد اللہ بخش سیالوی نے کیا جس کی صدارت صاحبزادہ راشد شمیم صابری کر رہے تھے ۔

شہید کربلا کانفرنس میںمجاہد حسین نورانی،پیر محمد جاوید قادری،علامہ مختار احمد سیالوی،محمد حنیف بدر سیالوی،چوہدری ریاست علی فیروزی،قاری محمد ممتاز سیالوی،قاضی انعام اللہ جلالی،عبدالرئوف جلالی،اور شمع رسالتﷺ کے پروانوں نے کثیر تعداد میںشرکت کی۔

(جاری ہے)

علمائے کرام نے اپنے خطابات میں کہا کہ اہل بیت رسول ؐ کی محبت عین ایمان ہے یہی درس اصحاب رسول ؐ نے امت مسلمہ کو دیا ۔انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے لئے کشمیر میں دوسری کربلا بپا ہے جس میں کامیابی حاصل کر نے کے لئے عالم اسلام کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے امت مسلمہ متحد ہو کر کشمیر کی آ زادی کی تحریک کو کامیاب بنائے کانفرنس کے اختتام پر ملکی امن و استحکام اور کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔