کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان پولیس اہلکار ذیشان شہید

فرض کی ادائیگی میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت کی اگلے ماہ شادی تھی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 19 ستمبر 2019 13:09

کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان پولیس اہلکار ذیشان شہید
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 ستمبر 2019ء) کراچی کے بہادر پولیس اہلکار نے دو ڈاکوؤں کو ٹھکانے لگا دیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فرض کی ادائیگی میں ایک اور ثبوت نے جان کا نذرانہ پیش کر دیا۔ناظم آباد عید گاہ گراؤنڈ کے قریب پولیس مقابلہ ہوا جس میں دو ڈاکو ہلاک ہو گئے جب کہ ایک فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار ذیشان شہید ہو گئے۔

پولیس اہلکار کو سینے پر ایک گولی لگی تھی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

پولیس اہلکار ذیشان کو اسپتال لایا گیا تاہم وہ اسپتال پہنچے سے قبل ہی شہید ہو چکے تھے۔ جام شہادت نوش کرنے والے اہلکار کی اگلے ماہ شادی تھی۔ذیشان نے 2014 ء میں پولیس فورس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ذیشان کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہو گئے اور دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔ بتایا گیا ہے کہ عید گاہ گراؤنڈ کے قریب تین ملزم ڈکیتی کر کے فرار ہو رہے تھے۔گشت پر مامور اہلکاروں نے روکا تو ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی۔ ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو 6رکنی گینگ کے کارندے تھے۔ڈاکوؤں سے 30بور کے دو پستول برآمد ہوئے۔ہلاک ہونے والے ڈاکوں کی شناخت حبیب اور عبدالباسط سے ہوئی۔