نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں ڈاکوؤں کا راج،صنعتکار دن دیہاڑے لٹنے لگے

صنعتکار ڈکیتی کی مسلسل وارداتوں سے عدم تحفظ کا شکار، گورنر،وزیراعلیٰ سندھ سے جان ومال کے تحفظ کے اقدامات کی اپیل

جمعرات 19 ستمبر 2019 16:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں ڈاکوؤں سرگرم ہوگئے ہیں اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اچانک تیزی آگئی ہے۔گزشتہ روز نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں ڈکیتی کی2 وارداتیں ہوئیں۔ ڈاکوئوں نے بینک سے واپس آنے والے صنعتکارکا پیچھا کیا اور اسلحے کے زور پرصنعتکار کو فیکٹری کے گیٹ پر روک کر 15 لاکھ روپے لوٹ لیے اور باآسانی فرار ہوگئے۔

متاثرہ صنعتکار نے اپنی گاڑی میں ڈاکوئوں کا پیچھا کیا جس پر ڈاکوئوں نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس کی وجہ سے گاڑی بے قابو ہو کر نالے میں جاگری ۔دوسری واردات میں ڈاکوئوں نے فیکٹری میں داخل ہو کر صنعتکار اور اسٹاف کو یرغمال بنایا اور نقدی ، موبائل ودیگر سامان لوٹ کر لے گئے۔ نارتھ کراچی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی ) کے سرپرست ِ اعلیٰ کیپٹن اے معیز خان،صدر سید طارق رشید نے ہنگامی طور پر بلائے گئے اجلاس میں نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی وارداتوں میں مسلسل اضافے پر گہری تشویش کا اظہارکیا اور گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شا ہ سے صنعتکاربرادری کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا کے صنعتکاروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں منیجنگ کمیٹی اراکین اور نکاٹی کے ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء کا کہنا تھاکہ صنعتکار موجودہ سیکورٹی کی ابترصورتحال میں خود کو تنہامحسوس کرنے لگے ہیں کیونکہ ان کے لیے اپنی صنعتوںتک پہنچنا خطرے سے خالی نہیں لہٰذاسندھ حکومت کو چاہیے کہ وہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات عمل میں لائے تاکہ صنعتکار بلاخوف وخطر اپنی فیکٹریاں چلاسکیں۔