شاہد آفریدی نے سینئر سری لنکن کھلاڑیوں کے پاکستان آنے سے انکار کی وجہ بتا دی

دورہ پاکستان کےلئے لنکن کھلاڑیوں پر آئی پی ایل کی انتظامیہ کی جانب سے بہت دباﺅ ہے:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 19 ستمبر 2019 16:50

شاہد آفریدی نے سینئر سری لنکن کھلاڑیوں کے پاکستان آنے سے انکار کی وجہ ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19ستمبر2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان کے لیے سری لنکن کھلاڑیوں پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی انتظامیہ کی جانب سے بہت دباﺅہے۔کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سری لنکا کو ہمیشہ سپورٹ کیا اور ہمارے سینئر کھلاڑیوں نے سری لنکا جانے سے کبھی بھی انکار نہیں کیا لہذا سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی پاکستان آنا چاہیے،سری لنکن کرکٹ بورڈ سینٹرل کنٹریکٹ رکھنے والے کھلاڑیوں کو پاکستان بھیجنے کے لیے دباﺅڈالے، جو بھی سری لنکن کھلاڑی پاکستان کا دورہ کرے گا ہماری تاریخ میں اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان نے انکشاف کیا کہ جب بھی پی ایس ایل کے دوران سری لنکن کھلاڑیوں کو پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کی دعوت دی تو انہوں نے بتایا کہ وہ تو آنا چاہتے ہیں لیکن انہیں انڈین پریمیئر لیگ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ پاکستان جائیں گے تو ان کا کنٹریکٹ ختم کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 27 ستمبر سے ہو رہا ہے جس کے لیے سری لنکن کھلاڑیوں نے 25 ستمبر کو پاکستان پہنچنا ہے تاہم سری لنکا کے کچھ سینئر کھلاڑیوں کی جانب سے سکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا گیا ۔