گورنر سندھ کا ایف بی آر کے چیئرمین سے ٹیلی فونک رابطہ

تاجروں سے ہر ممکن تعاون اور ان کے تحفظات جلد دور کرنے پر زور

جمعرات 19 ستمبر 2019 18:35

گورنر سندھ کا ایف بی آر کے چیئرمین سے ٹیلی فونک رابطہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے انجمن تاجران سندھ کے قائم مقام صدر حاجی جاوید قریشی کی سربراہی میں سندھ کے تاجروں کے 9 رکنی وفد کی گورنر ہائوس کراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں تاجروں نے ٹیکس سے متعلق اپنے تحفظات سے گورنر سندھ کو آگاہ کیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے تاجروں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انجمن تاجران سندھ کے تمام جائز مسائل حل کرنے میں حکومت ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے تاجر ملکی معیشت کا پہیہ ہیں جنہیں ہر ممکن سہولت دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاجر ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں ہماری کوشش ہوگی کہ محصولات کی مد میں تاجروں پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے تاکہ وہ ملک کی خدمت میں اپنا موثر اور مثبت کردار مزید بھرپور انداز سے ادا کرسکیں۔

(جاری ہے)

انجمن تاجران سندھ کے وفد نے وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیکس وصولی کے قوانین پر اپنے تحفظات کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ ملکی معیشت کی حالت و بڑھتی مہنگائی کے باعث تاجر مشکلات سے دوچار ہیں۔

وفد کا کہنا تھا کہ ٹیکس کی ادئیگی ہم سب کا قومی فریضہ ہے تاہم نئی ٹیکس پالیسی نے تاجروں کی پریشانی کو مزید بڑھا دیا ہے اس ضمن میں تاجر دوست قوانین مرتب کیئے جائیں جس سے ملک کو بہتر ٹیکس محصولات حاصل ہوسکیں گے۔ انجمن تاجران سندھ کے وفد کے تحفظات کے حوالے سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایف بی آر کے چیئرمین کو ٹیلی فونک رابطہ کرکے تاجروں سے ہر ممکن تعاون کرنے پر زور دیتے ہوئے ان کے تحفظات جلد دور کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں تاجروں کے وفد نے امن و امان کے قیام میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے ان کی کاوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کو انجمن تاجران سندھ کے قائم مقام صدر حاجی جاوید قریشی کی جانب سے سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا، وفد میں کاشف صابرانی، حاجی عبدلمجید میمن، شیخ فرقان، عبدلرحمان خان، احتشام جاوید، سعید احمد راٹھور، اعجاز خان اور سلیم راجپوت شامل تھے۔