پاک بحریہ کی جنگی مشقوں شمشیر بحر VII اور ترسیل بحرII کے اختتامی اجلاس کا انعقاد

پاک بحریہ کی جنگی مشق شمشیر ِ بحر VII اور لاجسٹک مشق ترسیل بحر II کا اختتامی اجلاس آج کراچی میں منعقد ہوا

جمعرات 19 ستمبر 2019 20:50

پاک بحریہ کی جنگی مشقوں شمشیر بحر VII اور ترسیل بحرII کے اختتامی اجلاس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر2019ء) پاک بحریہ کی جنگی مشق شمشیر ِ بحر VII اور لاجسٹک مشق ترسیل بحر II کا اختتامی اجلاس آج کراچی میں منعقد ہوا۔ امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

    تقریب میں آمد پرڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف(آپریشنز) اور مشق کے انتظامی افسر ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے مہمان خصوصی امیرالبحر ظفر محمود عباسی کا استقبال کیا۔

مشق کا جائزہ پیش کرتے ہوئے ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے مشقوں کے مقاصد ، مشقوں کے دوران بروئے کار لائے گئے طریقہ کار اورپاک بحریہ کی حکمت عملی کے مختلف پہلوؤں سے متعلق سفارشات پیش کیں۔

     اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیول چیف نے پاک بحریہ کے منصوبوں کو عسکری اورقومی سکیورٹی پالیسی سے ہم آہنگ رکھتے ہوئے آئندہ لائحہ عمل کی تشکیل ، آپریشنل طریقہ کار اور ترقیاتی حکمت عملی وضع کرنے میں جنگی مشقوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی نے واضح کیا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے غیر قانونی انضمام کے حالیہ واقعے اور وادی میں بھارتی مسلح افواج کی جانب سے ظلم و بربریت اور سفاکیت کے باعث ہمارے خطے کا سیاسی و جغرافیائی ماحول بگڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بھارتی قیادت آر ایس ایس ہندوئیتا نظریات کی پیداوار ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بنیاد پرستی پر مبنی ظلم و بربریت کی پالیسیوں کا نفاذ چاہتی ہے جو مسئلہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹا نے کے لئے پاکستان کے ساتھ ایک ٹکراوٴ کا پیش خیمہ ہوسکتی ہے ۔

اسی لئے موجودہ ماحول کے پیش نظر مستقبل قریب میں ہماری قومی سلامتی کو مسلسل چیلنجز کا سامنا رہنے کے امکانات ہیں ۔ پاک بحریہ حکومتی پالیسیوں اور دیگر افواج کے ساتھ ہم آہنگ ہے اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینے کے لئے ہر طرح سے تیار ہے۔
 
    انہوں نے مزید زور دیا کہ ہم پر لازم ہے کہ ہم امن اور جنگ دونوں صورتوں میں پاکستان کی سمندری حدود کے دفاع اورسمندری مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے مکمل تیاری رکھیں اور کسی بھی قسم کی صورتحال کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہیں۔

انہوں نے جنگی مشقوں کے انعقاد پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور آپریشنل منصوبوں ، ترقیاتی اور جنگی حکمت عملی کو مزید بہتر بنانے کے لئے
 پیش کی جانے والی سفارشات کو سراہا۔

اجلاس میں تینوں مسلح افواج اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔