Live Updates

حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے مسلم لیگ ن نے ایک مرتبہ پھر سے سوشل میڈیا ونگز کا استعمال شروع کر دیا

سوشل میڈیا ونگ کے ذریعے پراپیگنڈہ کرنے کے ساتھ بذریعہ قانونی ٹیم ویڈیو اسکینڈل کے حوالے سے سپریم کورٹ میں فل بنچ تشکیل دینے کے لیے درخواست دائر کرنے پر غور کیا جا رہا ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 20 ستمبر 2019 11:17

حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے مسلم لیگ ن نے ایک مرتبہ پھر سے سوشل میڈیا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 ستمبر 2019ء) : پاکستان مسلم لیگ کی قیادت جیل میں ہونے کی وجہ سے پارٹی کا حکومت مخالف بیانیہ کمزور پڑ رہا ہے جبکہ پارٹی کی قیادت کے حوالے سے بھی کافی تشویش پائی جاتی ہے، پارٹی رہنماؤں کا آپس میں اتفاق نہیں ہے جس کی وجہ سے مسلم لیگ ن اس وقت انتشار کا شکار بھی ہے ، یہی وجہ ہے کہ اب مسلم لیگ ن نے حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔

اس حوالے سے قومی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن نے قائد نواز شریف اور نائب صدر مریم نواز کو ریلیف دلوانے کے لیے اداروں پر دباؤ بڑھانے کی غرض سے اپنے سوشل میڈیا ونگز کو دوبارہ استعمال کرنا شروع کر دیا ہے ۔ ایک طرف جہاں مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا ونگ کے ذریعے پراپیگنڈہ کر کے اداروں پر پریشر بڑھایا جائے گا تو دوسری طرف قانونی ٹیم کے ذریعے ویڈیو اسکینڈل کے حوالے سے سپریم کورٹ میں فل بنچ تشکیل دینے کے لیے درخواست دائر کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

با وثوق ذرائع کے مطابق نوازشریف اور مریم نواز کی رہائی کے لیے ن لیگ تین مختلف محاذوں پر اداروں اور حکومت کو ٹارگٹ کرنا چاہ رہی ہے ۔ ایک جانب سوشل میڈیا پر ویڈیو اسکینڈل کو دوبارہ پھیلا کر تاثر دیا جائے گا کہ اس اسکینڈل کے باوجود نواز شریف کو جان بوجھ کر ریلیف نہیں دیا جا رہا اورسازش کے تحت نوازشریف کے ساتھ یہ سب کچھ کیا جا رہا ہے ۔

دوسری سائیڈ پر ن لیگ کا وہ حلقہ جو نوازشریف کی سوچ اور اُن کے بیانیے کے ساتھ ہے ، نے ساری اُمیدیں مولانا فضل الرحمان کے دھرنے پر لگا رکھی ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کو بھاری فنڈنگ اور دھرنے میں بھرپور شرکت کے حوالے سے جو تیاریاں کی جا رہی ہیں اس میں مولانا سے یہ طے کر کے سب کچھ ہو رہا ہے کہ اس دھرنا اور احتجاج کے بڑے مطالبے میں شریف خاندان کے افراد کی رہائیوں کا مطالبہ اہم ہو گا۔

اس ضمن میں پہلے تین مطالبات میں پیپلزپا رٹی کے رہنماؤں سے بھی پہلے نوازشریف کی رہائی اور شریف فیملی پر قائم مقدمات کے جھوٹے ہونےکا پرچار کیا جائے گا۔ تیسرے محاذ پر قانونی طریقہ سے ان کی قانونی ٹیم یہ جنگ لڑے گی۔ رپورٹ کے مطابق تینوں محاذوں پر بھرپور طریقہ سے اداروں اور حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے نوازشریف اور ان کی ٹیم آ خری حد تک جانے کی کوشش کرے گی ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات