پاکستان میں امریکی سفیر پال جونز کی یو ایس ایڈ اور انٹرنیشنل پروگرام کے اعلیٰ سطحی افسران کے ہمراہ وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر سے ملاقات

جمعہ 20 ستمبر 2019 23:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) پاکستان میں امریکی سفیر پال جونز نے امریکی امدادی ادارے یو ایس ایڈ اور انٹرنیشنل پروگرام کے اعلیٰ سطحی افسران کے ہمراہ وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر سے یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ اقتصادی تعاون اور مستقبل میں تعلقات کو مستحکم بنانے کے طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی سفیر اور ان کی ٹیم نے وفاقی وزیر کے ساتھ پاکستان میں یو ایس ایڈ اور انٹرنیشنل پروگرام کے جاری منصوبوں کی تفصیلات سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔ یو ایس ایڈ کی معاونت سے ترجیحی شعبوں میں شمولیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں فاٹا کا کے پی کے میں ادغام، اقتصادی نمو، توانائی، قانون کی بالادستی، تعلیم و صحت کے شعبوں میں تبادلے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران یو ایس ایڈ کے پروگراموں کی عملداری اور پیشہ ورانہ چیلنجز بھی زیر غور آئے۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور محمد حماد اظہر نے معیشت کے مختلف شعبوں میں امریکہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی دوطرفہ معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیر نے امریکی سفیر اور ان کی ٹیم کے ساتھ اقتصادی تعاون اور امداد کی موثریت کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا اور موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات سے آگاہ کیا جس میں بہتر اسلوب حکمرانی، تخفیف غربت، انسانی سرمایہ کاری کے فروغ، ماحول، کم آمدن کے رہائشی منصوبے وغیرہ شامل ہیں۔

انہوں نے پاکستان میں امریکی ترقیاتی پروگراموں کی موثر عملداری کے لئے حکومت کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ تبادلہ خیال کے بعد دونوں اطراف نے پاکستان کے ترجیحی شعبوں میں بالخصوص اور مستقبل کے پروگراموں میں بالعموم میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور اضافے پر اتفاق کیا گیا تاکہ انہیں مزید بامقصد بنایا جا سکے۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کے عام آدمی کے لئے سماجی اقتصادی فوائد کے حصول کے حوالے سے موثر عملداری، نگرانی اور مکمل دیکھ بھال کے لئے مل کر کام کیا جائے گا۔