ڈینگی کے روک تھام کے لئے حفاظتی اقدامات کرنے اور آگاہی فراہم کرنے کی ہدایت

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 24 ستمبر 2019 21:34

ڈینگی کے روک تھام کے لئے حفاظتی اقدامات کرنے اور آگاہی فراہم کرنے کی ..
جہلم (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 ستمبر 2019ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے تحصیل پنڈ دادنخان میں ہفتہ وار منعقدہ ٹیرک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ صحت، تعلیم، ریونیو، میونسپل کمیٹی اور ضلع کونسل کے افسران کو ڈینگی کے روک تھام کے لئے حفاظتی اقدامات کرنے اور آگاہی فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے تحصیل پنڈ دادنخان میں منعقدہ میٹنگ میں کہا کہ ضلع بھرمیں انسداد ڈینگی مہم بھرپورانداز میں جاری ہے اور اینٹی ڈینگی ٹیمیں باقاعدگی سے مختلف مقامات پر سرویلنس میں مصروف عمل ہیں۔ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے اینٹی ڈینگی ٹیموں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ٹیمیں آؤٹ ڈور میں کباڑخانوں، ٹائرشاپس، قبرستانوں، پودوں کی نرسریوں اور ان ڈور میں فریج کی ٹرے ،گملوں،کیاریوں،پانی کی ٹینکیوں اوردیگر جگہوں کو بھی روزانہ کی بنیاد پر چیک کریں تاکہ لاروا کی افزائش کو روکا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ نے کہا ہے ہے کہ محکمہ ہیلتھ ڈینگی سرویلینس کے لئے اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائے ، ڈینگی کی افزائش کے عمل کو روکنے کے لئے انڈور اور اوٹدور چیکنگ میں تیزی لائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ تمام سرکاری و پرائیویٹ اسکول میں صفائی ستھرائی کے انتظامات مکمل کیے جایئں اس کے ساتھ ساتھ آگاہی بھی فراہم کی جائے ۔

انہوں نے ہدایت دی ہے کہ ہیلتھ ٹیم کے ساتھ محکمہ تعلیم کے افسران،لوکل گورنمنٹ، میونسپل کمیٹی اور دیگر محکموں کی ٹیم مل کر کام کریں، جہلم کو ڈینگی فری بنانے کے لئے عملی اقدامات کریں اس ضمن میں کوئی کوتاہی یا لا پرواہی نہیں ہونی چاہیے ۔ ڈینگی سے بچاؤ اور حفاظتی تدبیر بارے تمام نجی و سرکاری سکولوں کی عمارتوں پر بینرز آویزاں کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور محکمہ صحت گھر گھر جا کر آگاہی کے ساتھ ساتھ انڈور اور اوٹدور سرگرمیاں جاری رکھیں۔

متعلقہ عنوان :