خنجراب ہائیسٹ ایلٹیٹیوڈ روڈ میراتھن کی تقسیمِ انعامات کی تقریب کا انعقاد

بدھ 25 ستمبر 2019 23:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2019ء) خنجراب ہائیسٹ ایلٹیٹیوڈ روڈ میراتھن کی تقسیمِ انعامات کی تقریب سرینا ہوٹل اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔تقریب میں ائیرمارشل عاصم ظہیر، صدر ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان کے علاوہ دوست ممالک کے سفیروں اور پاک فضائیہ کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔

پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ نے اس تاریخی ا سپورٹس ایونٹ کے انعقاد پر اسپانسرز اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ غیر ملکی مہمان پاکستان سے خوشگوار یادیں ہمراہ لے کر جائیں گے اورہماری روایتی میزبانی کے جذبوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کھیل نہ صرف انفرادی طور پر صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں بلکہ مقابلوں میں حصہ لینے والے ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی مضبوطی کا بھی باعث بنتے ہیں۔

ایئر چیف نے امریکہ سے تعلق رکھنے والی پیراپلیجک ایتھلیٹ الزبتھ سینڈن کے عزم و ہمت کی دل کھول کر تعریف کی جنہوں نے اپنی خصوصی طور پر تیار کردہ ٹرائی سائیکل پر اس مشکل ترین میراتھن میں شرکت کی۔مہمان خصوصی نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ 50 کلو میٹر ریس میں محمد سیار (پاک آرمی) نے سونے جبکہ اسلم خان (گلگت بلتستان اسکاؤٹس)نے چاندی اور محمد اقبال (پاک آرمی) نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

خواتین کی کیٹیگری میں کیرن مکلسن (کینیڈا)نے سونے جبکہ مارگریٹ جورینٹسینا (امریکہ) اور ڈونا ووڈز (کینیڈا) نے بالترتیب چاندی اور کانسی کے تمغے حاصل کیے۔ 42 کلومیٹر ریس میں عمیر حیدر (پاک آرمی) نے سونے جبکہ محمد فہیم (پاک آرمی) اور سہیل تنویر (پاک آرمی) نے بالترتیب چاندی اور کانسی کے تمغے حاصل کیے۔ خواتین کی کیٹیگری میں ہیدی جوہینسن(ڈنمارک) نے سونے کا تمغہ حاصل کیا جبکہ چاندی کا تمغہ عائشہ جبیں (گلگت بلتستان)اور کانسی کا تمغہ ٹریسی ڈمبلٹن (نیوزی لینڈ) نے حاصل کیا۔

21کلو میٹر ہاف میراتھن میں مرزا اسلم بیگ (گلگت بلتستان)نے سونے جبکہ عبدالمحیط (گلگت بلتستان اسکاؤٹس) ا ور مصورالرحمان(پاک فضائیہ ) نے بالترتیب چاندی اور کانسی کے تمغے حاصل کیے۔ خواتین کی کیٹیگری میں تینوں تمغے گلگت بلتستان کی ایتھلیٹس نے حاصل کیے جن میں بی بی نبات نے سونے جبکہ حسینہ اسماعیل اور شمیم احمد نے بالترتیب چاندی اور کانسی کے تمغے حاصل کیے۔

پاک فضائیہ اور ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان نے پوری دنیا کو پاکستان کے حقیقی حسن سے روشناس کرانے کے لیے بین الاقوامی میراتھن ٹریول کمپنی زیڈ ایڈوینچرز اور سیرینا ہوٹلز کے باہمی اشتراک سے یہ مقابلے منعقد کروائے۔یہ پاکستانی ا سپورٹس کی تاریخ کاایک یاد گار موقع ہے جب 17 ممالک کے ایتھلیٹس نے سطح سمند ر سے 4693 میٹر بلند مقام پر اس منفرد میراتھن میں شرکت کی۔