وزارتِ مذہبی امور رویت ہلال کے مسئلہ پر علماء کرام کی رائے کیساتھ کھڑی ہے، پیر نور الحق قادری

وزیر ِ مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت رویت ہلال سے متعلق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر اہم اجلاس قبلہ ایاز، مفتی منیب الرحمن، مفتی شہاب الدین پوپلزئی، وفاق المدارس ، صوبائی محکموں ، سپارکواور موسمیات کے نمائندوں کی شرکت عیدین کے موقع پر تنازعہ کے حل کیلئے جامع سفارشات مرتب کرنے کیلئے وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت کمیٹی کے قیام کافیصلہ

پیر 30 ستمبر 2019 20:49

وزارتِ مذہبی امور رویت ہلال کے مسئلہ پر علماء کرام کی رائے کیساتھ کھڑی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2019ء) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہاہے کہ وزارتِ مذہبی امور رویت ہلال کے مسئلہ پر علماء کرام کی رائے کیساتھ کھڑی ہے۔ یہ بات وزیر ِ مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے رویت ہلال سے متعلق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کے موقع پر کہی۔ اجلاس میں اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن،مفتی شہاب الدین پوپلزئی ، قاری حنیف جالندھری سمیت تمام وفاق المدارس کے نمائندوں ، صوبائی اوقاف و مذہبی امور کے نمائندوں، سپارکو اور محکمہ موسمیات کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کی تشکیل نو، وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے قمری کیلنڈر کے استعمال اور عیدین کا تنازعہ زیر بحث آیا اور تمام جید علماء کرام سمیت متعلقہ سائنسی محکموں کے نمائندوں کی رائے معلوم کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارتِ مذہبی امور رویت ہلال کے مسئلہ پر علماء کرام کی رائے کیساتھ کھڑی ہے۔ رویت ہلال کے عمل میں شرعی تقاضوں کے ساتھ ساتھ معاشرت اور مذہبی تہوار بھی جڑے ہوئے ہیں۔

اس خطہ کی روایات میں رویت ہلال شامل ہے۔ ایک اسلامی معاشرے میں ہمیشہ قرآن و سنت کی طرف رجوع کیا جاتا ہے۔ محکمہ فلکیات و موسمیات چاند کی پیدائش اور امکان رویت پر مدد دیتے آئے ہیں تاہم حتمی فیصلہ کا انحصار شریعت کی رو سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا ہوتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قمری کیلنڈر مرتب کرنے پر وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی کوشش قابل تعریف ہے تاہم رویت کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔

عیدین کے موقع پر تنازعہ کے حل کیلئے جامع سفارشات مرتب کرنے کیلئے وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت کمیٹی کے قیام کافیصلہ بھی کیا گیا۔ اس کمیٹی میں قبلہ ایاز، قاری حنیف جالندھری، مفتی شہاب الدین پوپلزئی، سیکرٹری مذہبی امور کے پی کے اور وفاقی وزارت مذہبی امور کے دو افسران شامل ہونگے۔