جیلوں میں ڈینگی کے پھیلائو کا خدشہ،قیدیوں کو ڈینگی سے بچانے کیلئے فیصل آباد کی تمام جیلوں میں روزانہ کی بنیاد پر سخت سرویلنس کا عمل شروع

منگل 1 اکتوبر 2019 15:12

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2019ء) جیلوں میں ڈینگی کے پھیلائو کے خدشہ کے پیش نظر قیدیوں کو ڈینگی سے بچانے کیلئے فیصل آباد کی تمام جیلوں میں روزانہ کی بنیاد پر سخت سرویلنس کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے وبائی امراض ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد کی سربراہی میں جیلوں کے مختلف مقامات کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ جیلوں میں کسی بھی جگہ پر پانی جمع نہ ہونے پائے اور اگر جیلوں کے اندر موجود گملوں،کیاریوں سمیت کسی فالتو سازو سامان کا سٹاک موجود ہے اور وہاں ڈینگی لاروا کی پیدائش ممکن ہو سکتی ہے اسے فوری مناسب انداز میں ٹھکانے لگایا جائے تاکہ ڈینگی کو افزائش کا موقع نہ ملے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد کے ترجمان نے منگل کے روز اے پی پی کو بتایاکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد ڈاکٹر مشتاق سپرا کی ہدائت پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے وبائی امراض ڈاکٹربلال احمد اورمحکمہ صحت کے دیگر افسران نے سینٹرل جیل فیصل آباد کادورہ کیا اور سپرنٹنڈنٹ جیل نور حسن بگھیلا کوڈینگی کی موجودہ صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ موجودہ سیزن میں ڈینگی کی افزائش کے خطرات موجود ہیں جس کی روک تھام کیلئے محکمہ صحت کی ٹیمیں ذمہ داری سے ان ڈور اور آئوٹ ڈور سرویلنس میں مصروف ہیں جبکہ اس سلسلہ میں ان کی کارکردگی کی بھی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے انسداد کیلئے تمام طبقات کا تعاون ناگزیر ہے لہٰذ ا جیلوں میں بھی روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس جاری رکھی جائے گی تاکہ کسی جگہ پانی جمع ہونے سے ڈینگی لاروا کو پھلنے پھولنے کا موقع نہ مل سکے۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل نور حسن بگھیلا نے محکمہ صحت کے حکام کو سنٹرل جیل میں انسداد ڈینگی کیلئے کئے گئے اقدامات بارے آگاہ کیا جس پر محکمہ صحت کے حکام نے اطمینان کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :