ایشیاءکپ کیلئے بھارتی ٹیم کو بھی پاکستان آنا چاہیے: سری لنکن وزیر کھیل

پاکستانی وزیر کے بیان کی تردید کرنے کا انڈین ہائی کمشنر نے کہا تھا: ہیرن فرنانڈو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 2 اکتوبر 2019 16:08

ایشیاءکپ کیلئے بھارتی ٹیم کو بھی پاکستان آنا چاہیے: سری لنکن وزیر کھیل
کراچی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 2 اکتوبر2019ء) سری لنکن وزیر کھیل ہیرن فرنانڈو نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کیلئے اگر ہماری اور بنگلادیشی ٹیم پاکستان آسکتی ہے تو بھارت کو بھی آنا چاہیے۔ایک انٹرویو میں ہیرن فرنانڈونے کہا کہ ایشیا کپ کیلئے سری لنکا اور بنگلادیش کی ٹیمیں پاکستان آنے کو تیار ہوں گی ایسے میں بھارت کو بھی آنا چاہیے، البتہ یہ فیصلہ بی سی سی آئی کا ہی ہوگا میں اس پر زیادہ تبصرہ نہیں کر سکتا۔

واضح رہے کہ دوسرے ون ڈے کے دوران سری لنکن بورڈ حکام نے بھی آئندہ برس ایشیا کپ کے انعقاد میں پاکستان کو مکمل سپورٹ کرنےکا اعلان کیا تھا۔ایک سوال پر ہیرن فرنانڈو نے کہا کہ دورے سے سری لنکن کرکٹرزکی ہچکچاہٹ پر ایک پاکستانی وزیر نے بیان دیا کہ ایسا آئی پی ایل معاہدوں کی وجہ سے ہو رہا ہے، درحقیقت بھارتی لیگ میں لستھ مالنگا کے سوا تو ہمارا کوئی کھلاڑی شریک ہی نہیں ہوتا، اس بیان سے بڑا تنازع کھڑا ہوگیا تھا، بھارتی ہائی کمشنر نے مجھ سے کہا کہ اس کی تردید کریں جو میں نے کردی، معاملہ کہیں سے کہیں جا رہا تھا اور سری لنکا درمیان میں سینڈوچ بن گیا، خیر خوش قسمتی سے مسئلہ حل ہو گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت بھی ہمارے لیے بڑے بھائی کی طرح ہے اور ہم اس کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان نے بھی ہمیشہ ہمیں سپورٹ کیا ہے، میں بھول نہیں سکتا کہ ہماری ٹیم نے لاہور میں ہی ورلڈکپ جیتا تھا۔واضح رہے کہ سری لنکن کرکٹرز کو دورئہ پاکستان سے روکنے میں بھارتی ہاتھ کا بیان وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دیا تھا۔ہیرن فرنانڈو نے ایک بار پھر کہا کہ ہمارے3،4سینئر کرکٹرز ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان نہیں آنا چاہتے، ہم انھیں قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں امید ہے کہ کامیاب رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہم یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے سکواڈ کو یہاں لےکر آئے ہیں، ابتدا میں صرف 3ٹی ٹونٹی میچز کی بات ہو رہی تھی لیکن ہم نے اس میں3ون ڈے بھی شامل کر لیے۔