عدالتیں قابل احترام ،میرے خلاف الزامات بے بنیاد ہیں ، ثناء اللہ زہری

اغواء کیس میں قبل از گرفتاریعدالت سے ضمانت منظور ہونا حق و سچ کی دلیل ہے،جھوٹے مقدمات میں ملوث کرکے ہمارے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے،سابق وزیراعلیٰ بلوچستان

جمعرات 3 اکتوبر 2019 23:57

قلات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اکتوبر2019ء) سابق وزیر اعلی بلوچستان و چیف آف جھالاوان نواب ثنا اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں مجھ پر لگے سارے الزامات من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔ آج قلات کی معزز عدالت سے اغوا کے کیس کے مقدمے کے الزامات کے حوالے سے قبل از گرفتاری ضمانت منظور ہونا حق اور سچ کی دلیل ہے۔ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا سامنا اس سے قبل بھی کیا تھا اور آئندہ بھی کرینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلات کے عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے مقدمات میں ملوث کرکے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ اور نام نہاد الزامات کا سامنا پہلے بھی کیا ہے اور آئندہ بھی کرینگے۔

(جاری ہے)

آج معزز عدالت سے ضمانت کی منظوری حق اور سچ کی جیت ہے۔ اس موقع پر انکے ہمراہ نیچاری قبیلے کے سربراہ سردار عبدالکریم نیچاری، میر بشیر احمد ہارونی، میر عبدالخالق پندرانی،بابا نور محمد نیچاری، میر جلال پندرانی و دیگر سیاسی و قبائلی معتبرین بڑی تعداد میں موجود تھے۔

قبل ازیں سابق وزیراعلی نواب ثنا اللہ خان زہری سیشن کورٹ قلات پہنچے۔ جہاں پر اغوا کے مقدمے نامزدگی پر قبل از گرفتاری ضمانت کی سماعت ہوئی ۔اور معزز عدالت نے سابق وزیراعلی بلوچستان نواب ثنا اللہ خان زہری کی قبل از گرفتاری ضمانت منظور کی ۔کیس کی پیروی ایڈووکیٹ شاہ محمد جتوئی نے کی۔اس موقع پر زمینداف کسان اتحاد کے صدر شہزادہ آغا لال احمدزئی نے بھی نواب ثنا اللہ سے ملاقات کی دونوں کے درمیان مختلف امور پر تفصیلی گفتگو بھی ہوئی۔