Live Updates

وزیراعظم کا وفاقی کابینہ میں جلد ردوبدل کا امکان

وزارت داخلہ، پیٹرولیم، صنعت وپیداوار سمیت 9 وزارتوں کے قلمدان تبدیل ہوسکتے ہیں، جبکہ کچھ وزراء کو ہٹایا بھی جاسکتا ہے، کابینہ میں ردوبدل وزراء کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 8 اکتوبر 2019 18:04

وزیراعظم کا وفاقی کابینہ میں جلد ردوبدل کا امکان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 اکتوبر2019ء) وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وفاقی کابینہ میں جلد ردوبدل کا امکان ہے، وزارت داخلہ، پیٹرولیم، صنعت وپیداوار سمیت 9 وزارتوں کے قلمدان تبدیل ہوسکتے ہیں، جبکہ کچھ وزراء کو ہٹایا بھی جاسکتا ہے، کابینہ میں ردوبدل کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دورہ چین کے بعد وفاقی کابینہ میں ردوبدل کیا جائے گا۔

وزیراعظم کی جانب سے کابینہ میں ردوبدل وزراء کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ کی کل تعداد 48 ہے۔ جس میں 15وزارتوں اور ڈویژنز کے قلمدان وزیراعظم کے پاس ہیں۔ وفاقی کابینہ میں 24 وفاقی وزراء، 4 وزراء مملکت، 5 مشیران، 15 معاونین خصوصی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے کابینہ میں غیر منتخب افراد کی تعداد 19 ہے۔ جن وزارتوں کو شعبوں کے قلمدان وزیراعظم کے پاس ہیں ان میں ریونیو، ٹیکسٹائل، تخفیف غربت وسماجی تحفظ ڈویژن، نیشنل سیکیورٹی، کابینہ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، موسمیاتی تبدیلی، خزانہ، تجارت، صنعت وپیداوار، اوورسیز پاکستانیوں، صحت، وزارت اطلاعات، سیفران، نارکوٹکس کنٹرول کی وزارتوں کا قلمدان بھی وزیراعظم کے پاس ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے وزارت اطلاعات کے معاون خصوصی کوفی الحال کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔ تاہم وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے بعد اعلیٰ سطحی مشاورت کی جائے گی۔ جس کے بعد 9 وزارتوں کے قلمدان تبدیل ہوسکتے ہیں۔ مزید برآں واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز قبل دورہ امریکا کے بعد وفاقی کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ کیا تھا۔

تاہم کچھ وجوہات کی بناء پر پھر کچھ عرصے کے مئوخر کردیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی صوبائی کابینہ میں ردوبدل اور کچھ وزراء کو فارغ کرنے کا عندیہ دے رکھا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے گزشتہ دنوں میں ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ کابینہ میں ردوبدل میرا استحقاق ہے۔ جو کام کرے گا اس کو عہدے سے نہیں ہٹایا جائے گا جبکہ جو کام نہیں کرے گا اس کو فارغ کردیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات