ڈین جونز کی مصباح کو ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کے دو عہدے سونپنے پر تنقید

کھلاڑی اگر کوچ کو سچائی کےساتھ سارا مسئلہ گوش گزار کرتے ہیں تو ممکنہ طور پر آپکو ٹیم سے نکال دیا جائے گا:ہیڈکوچ اسلام آباد یونائیٹڈ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 9 اکتوبر 2019 12:20

ڈین جونز کی مصباح کو ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کے دو عہدے سونپنے پر تنقید
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9 اکتوبر2019ء) سابق آسٹریلین کرکٹر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز نے مصباح الحق کو قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کے دو عہدے سونپنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے مصباح الحق کو قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کا دہرا عہدہ سونپ دیا تھا جس پر متعدد کرکٹ ماہرین نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے بورڈ کے اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

سابق آسٹریلین کرکٹر ڈین جونز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ”میرے خیال میں کرکٹ میں آپکے پاس ہیڈ کوچ اور سلیکٹر دونوں عہدے نہیں ہو سکتے۔انہوں نے اپنے اس بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک کھلاڑی ہیں اور آپکو کوئی تکنیکی یا ذہنی مسئلہ درپیش ہے تو تو اگر اپنے کوچ کو سچائی کے ساتھ سارا مسئلہ گوش گزار کرتے ہیں تو ممکنہ طور پر آپکو ٹیم سے نکال دیا جائےگا“۔

(جاری ہے)

اس ٹوئٹ پر نیوزی لینڈ کے سابق آل راﺅنڈر سکاٹ سٹائرس نے اعتراض کیا تو ڈین جونز نے اپنی بات کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ” کھلاڑیوں کو ایک ایسا کوچ درکار ہوتا ہے جسے وہ سچائی کے ساتھ اپنے مسائل بتا سکیں لیکن یہ سچائی شاید سلیکٹرز کو پسند نہ آئے“۔
بعدازاں انہوں نے مصباح الحق کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ” مصباح مجھے بہت عزیز ہیں، میں دل سے چاہتا ہوں کہ وہ اچھا کام کریں،انہوں نے ایک مرتبہ پھر اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کے تین فارمیٹس اور نئے فرسٹ کلاس سسٹم کے ساتھ تمام تر نوکریاں اچھے طریقے سے نوکری کرنا بہت مشکل ہے، میں چاہتا ہوں کہ مصباح اچھی کارکردگی دکھائیں لیکن اس کےلئے انہیں سپورٹ اور صبروتحمل کی ضرورت ہے“۔