نواز شریف کو چودھری شوگر ملز کیس میں گرفتار کرنے کا مقصد رہائی کو ناممکن بنانا ہے

صحافی عمر چیمہ نے ٹویٹر پیغام میں نیا پنڈورا باکس کھول دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 11 اکتوبر 2019 11:28

نواز شریف کو چودھری شوگر ملز کیس میں گرفتار کرنے کا مقصد رہائی کو ناممکن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 اکتوبر 2019ء) : چودھری شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی گرفتاری سے متعلق بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی عمر چیمہ نے ٹویٹر پیغام میں نیا پنڈوراباکس کھول دیا۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمر چیمہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو دوبارہ گرفتار کرنےکا مقصد یہ ہے کہ اگر ویڈیو اسکینڈل کے سبب العزیزیہ ریفرنس کیس میں نواز شریف کی سزا معطل ہو بھی جائے تو ان کی رہائی نہ ممکن ہو سکے۔

خیال رہے کہ 24 دسمبر 2018 کو احستاب عدالت اسلام آباد نے وزیراعظم نواز شریف کو فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں بری کرتے ہوئے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنادی جس کے بعد نیب نے سابق وزیراعظم کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا۔

(جاری ہے)

نواز شریف کو 100 سے زائد سماعتوں کے بعد سات سال قید بامشقت اور جرمانے کی سزاسنائی گئی تھی۔

جس کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز6 جولائی کو پریس کانفرنس کے دوران العزیزیہ اسٹیل ملز کیس کے حوالے سے جج ارشد ملک کی مبینہ طور پر ایک خفیہ ویڈیو منظر عام پر لائی تھیں،جس میں جج ارشد ملک کو مبینہ طور پر لیگی کارکن ناصر بٹ سے ملاقات کے دوران العزیزیہ کیس کے فیصلے سے متعلق باتیں کرتے دیکھا گیا تھا۔ بعد ازاں نواز شریف نے العزیزیہ ریفرنس کیس میں سزا کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی تھی۔

18 ستمبر کو مقدمے کی سماعت شروع ہوئی تو نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے اپیل کے حق میں دلائل دینے کی بجائے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک ،جنہوں نے نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز کے مقدمے میں سات سال قید کی سزا سنائی تھی، کے بیانِ حلفی کی مصدقہ کاپی طلب کی۔ جس کے بعد عدالت نے نواز شریف کی اپیل پر اس کیس کی سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی تھی۔ تاہم آج نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو چودھری شوگر ملز کیس میں بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔