فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اجلاس ‘پاکستان کے اقدامات سے متعلق رپورٹ پر غور

پاکستان27 میں سے 20 نکات پرعملدرآمد کرچکا ہے‘ گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے 12 ارکان کا ووٹ درکار ہیں. ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 14 اکتوبر 2019 14:48

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اجلاس ‘پاکستان کے اقدامات سے متعلق رپورٹ ..
پیرس(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 اکتوبر ۔2019ء) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اجلاس پیرس میں آج شروع ہورہاہے جس میں آج اور کل پاکستان کے اقدامات سے متعلق رپورٹ پر غور کیا جائے گا. وفاقی وزیر حماد اظہر کی قیادت میں وفد اجلاس میں شرکت کر رہا ہے پاکستانی اقدامات پر ایف اے ٹی ایف 2دن تک غور کرے گا‘ذرائع کے مطابق پاکستان27 میں سے 20 نکات پرعملدرآمد کرچکا ہے.

رواں ماہ ہونے والے اجلاس میں پاکستان سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں‘پلانری اجلاس میں ہونے والے تمام فیصلوں کا اعلان صدر ایف اے ٹی ایف 18 اکتوبر کو پریس بریفنگ میں کریں گے پیرس میں جاری ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان کے سر پر لٹکتی گرے لسٹ کی تلوار سے متعلق بھی فیصلہ متوقع ہے.

(جاری ہے)

پاکستان کو گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے 12 ارکان کا ووٹ درکار ہے سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستان کو بلیک لسٹ کیے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے، البتہ گرے لسٹ میں نام برقرار رہ سکتا ہے، جس سے نکلنے کیلئے پاکستان کی لابنگ جاری رہے گی.

پاکستان کو چین، ملائیشیا اور ترکی کی حمایت حاصل ہے، جب کہ ایشیا پیسفک گروپ کی رپورٹ میں پاکستان کے اقدامات کو سراہا گیا ہے پیرس میں ہونے والا اجلاس 14 سے 19 اکتوبر تک جاری رہے گا. ایشیا پیسفک گروپ نے ایک ہفتہ قبل جاری اپنی رپورٹ میں پاکستان کے ٹھوس اقدامات کو سراہا تھا ایف اے ٹی ایف کی 40 نکاتی ایکشن پلان میں سے پاکستان 2018 تک ایک پر مکمل، 9 پر کافی حد تک اور 26 نکات پر جزوی عملدرآمد کرچکا تھا صرف 4 نکات ایسے تھے جن پر عمل ہونا باقی تھا رپورٹ میں دہشت گردی ، کرپشن اور منی لانڈرنگ کیخلاف پاکستان کی کوششیں قابل تحسین بھی قرار دی گئیں.

ایف اے ٹی ایف کی ’گرے ایریا‘ اس فہرست کو کہتے ہیں جس میں ایسے ممالک کے نام درج کیے جاتے ہیں جن کے بارے میں یہ ادارہ طے کرتا ہے کہ ان ممالک کو منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی امداد روکنے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے. اس وقت گرے ایریاکی فہرست میں بہاماز، بوٹسوانا، کمبوڈیا، ایتھوپیا، گھانا، پاکستان، پاناما، سری لنکا، شام، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو، تیونس اور یمن کے نام شامل ہیں سربیا کا نام بھی فہرست میں تھا لیکن اسے بہتر کارکردگی کی وجہ سے گرے ایریا سے خارج کردیا گیا ہے.