ضلعی انتظامیہ قانون کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی درخواست پر فیصلہ کرے،

ہائی کورٹ نے دھرنے سے متعلق درخواست نمٹا دی

بدھ 16 اکتوبر 2019 13:31

ضلعی انتظامیہ قانون کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی درخواست پر فیصلہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا دھرنا روکنے کیلئے دائر درخواست ہدایت کے ساتھ نمٹا دی کہ ضلعی انتظامیہ قانون کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی درخواست پر فیصلہ کرے۔ بدھ کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے درخواست پر کیس کی سماعت کی، عدالت نے ہدایت کے ساتھ درخواست نمٹاتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ قانون کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی درخواست پر فیصلہ کرے اور احتجاج کرنے اور نہ کرنے والے تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرے، ریاست کا کام ہے کہ شہریوں کے جو حقوق ہیں انکا تحفظ کرے، وکیل نے موقف اختیار کیا کہ بادی النظر میں دھرنے اور احتجاج کا اعلان کرنے والوں کی نیت ٹھیک نہیں لگ رہی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ انتظامیہ کو درخواست دی گئی ہے اس پر قانون کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کو احتجاج کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی اس عدالت نے اجازت دی تھی،ہم نے انتظامیہ کو حکم دیا تھا کہ احتجاج کو پرامن بنانا ہے، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آپ حکومت کی طرف سے دلائل دے رہے ہیں جس پر ایڈووکیٹ ریاض حنیف راہی نے کہا کہ اس دھرنے سے میرے حقوق متاثر ہونگے۔عدالت نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں انتظامیہ ہوں نہ آپ، انتظامیہ کو انکا کام کرنے دیں، آپ عوامی فلاح کی درخواستیں دیتے ہیں، ایک درخواست مقامی عدالتوں کی حالت زار سے متعلق بھی دیں، عدالت نے درخواستیں ہدایت کے ساتھ نمٹا دیں۔