برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کی لاہورآمد،ائیرپورٹ پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور گورنر محمد سرور نے استقبال کیا

بچیوں نے معزز مہمانوں کو گلدستے پیش کیے،شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ میڈلٹن کی وزیراعلیٰ اور گورنر سے ملاقات وزیراعلیٰ پنجاب نے شہزادہ ولیم کو زیتون کی لکڑی سے بنی روایتی چھڑی اور پینٹنگ جبکہ شہزادی کیٹ میڈلٹن کو شال تحفے میں دی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کی بڑھتی ہوئی دوستی کا مظہر ہے،عثمان بزدار

جمعرات 17 اکتوبر 2019 18:06

برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کی لاہورآمد،ائیرپورٹ ..
لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن جمعرات کو لاہور پہنچے،ائیرپورٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔بچیوں نے شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ میڈلٹن کو گلدستے پیش کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کوپاکستان کے دل لاہور آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ کااستقبال کر کے دلی مسرت ہوئی ہے اور آپ کی تاریخی شہر لاہور آمد ہمارے لئے باعث اعزاز ہے۔

انہوںنے کہا کہ پاکستانی عوام کے دلوں میں برطانیہ کے شاہی خاندان کیلئے احترام کا رشتہ موجود ہے اورشہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کی بڑھتی ہوئی دوستی کا مظہر ہے۔

(جاری ہے)

آپ کا دورہ پاکستان دونوں ملکوںکے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنائے گا۔برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن نے ایئرپورٹ لائونج میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی۔

برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے معزز مہمانوں کو پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیااورکہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب کے سماجی شعبہ کی بہتری کیلئے برطانیہ کے گراں قدر تعاون کو تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں۔

برطانیہ اور پاکستان ترقی اورخوشحالی کے سفر میں قدم سے قدم ملا کرچل رہے ہیں ۔ برطانیہ کا بین الاقوامی ترقیاتی ادارہ (ڈیفڈ) پنجاب کے مختلف شعبوں میں تعاون فراہم کر رہا ہے اورسماجی شعبوں کی ترقی کیلئے ڈیفڈ پنجاب حکومت کا بہترین پارٹنر ہے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ موجودہ حکومت سماجی شعبوں کی پائیدار ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر پورا فوکس ہے۔

انہوںنے کہا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں کو ترقی دے کر عوام کا احساس محرومی دور کر نے کیلئے اقدامات کر رہے ہیںاورہماری ترجیح عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات موجود ہیںاورہر آنے والے وقت میں ان تعلقات میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔انہوںنے کہا کہ آپ کا دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔

گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات ہمیشہ مثالی رہے ہیں۔ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کی لاہور آمد یادگار موقع ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہزادہ ولیم کو زیتون کی لکڑی سے بنی روایتی چھڑی اور پینٹنگ کا تحفہ پیش کیاجبکہ شہزادی کیٹ میڈلٹن کو شال تحفے میں دی۔گورنر چوہدری محمد سرور نے بھی معزز مہمانوں کو تحائف پیش کئے۔