انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی وی حملہ کیس کی سماعت ، شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور شفقت محمود سمیت 10ملزمان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور

پیر 21 اکتوبر 2019 23:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی وی حملہ کیس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، رکن قومی اسمبلی اسد عمر اور شفقت محمود سمیت 10ملزمان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظورکر لیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے پی ٹی وی پر حملہ کیس کی سماعت کی تو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، رکن قومی اسمبلی اسد عمر اور شفقت محمود سمیت 10ملزمان کی حاضری سے استثنا کی درخواستیں دائر کی گئیں جنہیں عدالت نے منظور کر لیا۔

پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کے وکیل نے کہا کہ ہمارے غریب کارکنان کو دور دراز سے آنا پڑتا ہے اس لئے اس کیس کو جلد نمٹایاجائے۔ جج نے ریمارکس دیئے ان کیسز کو جلد نمٹا لیں اگلا دھرنا بھی آ رہا ہے۔ نواز شریف کے خلاف مقدمہ اخراج رپورٹ پر جواب داخل کرانے کے لیے شاہد محمود قریشی کے وکیل نے ہدایات لینے کے لئے مہلت طلب کی جس پر سماعت 19 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔