افغانستان، پولیس چوکی اور طالبان کے ٹھکانے پر حملوں میں 15 پولیس اہلکار، 22 طالبان مارے گئے

منگل 22 اکتوبر 2019 13:08

افغانستان، پولیس چوکی اور طالبان کے ٹھکانے پر حملوں میں 15 پولیس اہلکار، ..
قندوز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) افغانستان کے شمالی صوبہ قندوز میں طالبان کے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے میں 15 افغان پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ جوابی کارروائی میں 8 طالبان بھی مارے گئے۔

(جاری ہے)

منگل کو صوبائی کونسل کے سربراہ محمد یوسف ایوبی نے بتایا کہ صوبہ قندوز کے ضلع علی آباد کے علاقہ ہرزبیگی میں درجنوں طالبان نے پیر اور منگل کی درمیانی رات 1:30 بجے افغان سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا ،حملے میں افغان سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں 15پولیس اہلکار جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے جبکہ جوابی کارروائی میں8 طالبان بھی مارے گئے۔

حملے کے بعد افغان فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔دریں اثنا افغانستان کے شمالی صوبے تخار کے ضلع درکاد میں طالبان کے ٹھکانے پر فضائی حملے میں14 طالبان مارے گئے۔چینی خبر رساں ادارے نے افغان فوج کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پیر کی شام ہونے والے اس فضائی حملے میں تین عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے۔طالبان کی طرف سے اس بارے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔